لکی مروت(نمائندہ 92نیوز)پشاور کراچی انڈس ہائی وے پر قائم ناکہ بندی پوائنٹ پر تعینات پولیس اہلکاروں پر حملہ کرکے اے ایس آئی کو شہید اور کانسٹیبل کو زخمی کرنے والے دو دہشت گردوں کو پولیس مقابلے میں ہلاک کردیا گیا،ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب ہونے والے واقعہ کی تفصیلات بتاتے ہوئے ڈی پی او عمران خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ہائی وے کی حفاظت کیلئے عارضی ناکہ بندی پوائنٹ قائم کیا گیا تھا جہاں تعینات پولیس اہلکاروں نے مشتبہ موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پر فائرنگ کردی جس سے اے ایس آئی محمد شاہ شہید جبکہ کانسٹیبل انور خان زخمی ہوگئے تھے ۔ اس دوران آر پی او بنوں ساجد علی خان نے بھی موقع پر پہنچ گئے اوردہشتگردوں کیخلاف جاری آپریشن کی خود کمان کی جبکہ ڈدیوالہ پولیس کی مدد کیلئے ایلیٹ فورس کے کمانڈوز سمیت پولیس لائنز سے مزید نفری بھی روانہ کی ،ڈی پی او نے کہا کہ پولیس نے انتہائی جوانمردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دونوں دہشتگردوں کو مقابلے میں ہلاک کردیا جن کی شناخت شان اللہ سکنہ شمالی وزیرستان اور زر محمد سکنہ ڈومیل بنوں کے نام سے ہوئی ہے ۔ دونوں ملزمان پولیس اور سکیورٹی فورسز پر حملوں اور دیگر سنگین نوعیت کے مقدمات میں بنوں اور کوہاٹ ریجن کی پولیس کو مطلوب تھے اور انکے قبضے سے دو کلاشنکوفیں معہ ایمونیشن ، ایک پستول اور واردات میں استعمال ہونے والی 2 موٹرسائیکلیں برآمد کر لی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لیکردہشتگردوں کے سہولت کاروں کی تلاش جاری رکھی ہوئی ہے اور انہیں جلد گرفتار کرلیا جائیگا۔ لکی مروت(نمائندہ 92نیوز)انڈس ہائی وے پر دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے اے ایس آئی محمد شاہ کی نماز جنازہ پولیس لائنز میں ادا کردی گئی ، نماز جنازہ میں ڈی پی او عمران خان اور ایس پی انوسٹی گیشن شفیق خان سمیت پاک آرمی و پولیس افسران، پولیس اہلکاروں اور عمائدین علاقہ نے شرکت کی۔ اس موقع پر شہید کے جسد خاکی پر پھول چڑھائے گئے اور پولیس کے ایک چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی ، بعد میں شہید اے آئی محمد شاہ کو آبائی علاقے کوٹکہ محمود کے قبرستان میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔ڈی پی او عمران خان نے شہید اے ایس آئی محمد شاہ کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے شہید کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس فورس کی تاریخ قربانیوں سے بھری پڑی ہے قوم کے روشن کل کے لئے اپنا آج قربان کرنے والے اصل ہیرو ہیں جنہیں پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔