اسلام آباد(سپیشل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) پیپلزپارٹی اورجے یوآئی ف نے گلگت بلتستان کے انتخابات کے حوالے سے سپیکر قومی اسمبلی اسدقیصر کی جانب سے پارلیمانی رہنمائوں کے اجلاس کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا۔ گزشتہ روز چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری نے اپنے ٹویٹ میں کہاکہ سپیکرقومی اسمبلی اوروفاقی وزراکا گلگت بلتستان میں انتخابات سے کوئی لینا دینا نہیں،گلگت بلتستان کے انتخابات میں وفاقی حکومت کی مداخلت کی مذمت کرتے ہیں،شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے صرف الیکشن کمیشن گلگت بلتستان سے رابطے میں رہیں گے ۔ادھرجے یوآئی کے سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے کہاہے کہ سپیکر قومی اسمبلی کا گلگت بلتستان انتخابات سے متعلق بلایا گیا اجلاس غیر قانونی ہے ، ہم دوسری اپوزیشن جماعتوں سے کہتے ہیں وہ بھی اس غیر قانونی اجلاس میں شرکت نہ کریں۔یادرہے سپیکر نے پارلیمانی رہنماؤں سے انتخابی عمل پرتجاویز کیلئے 28ستمبرکو سہ پہر 3 بجے اجلاس طلب کر رکھا ہے ۔