لاہور(نیٹ نیوز) پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہاہے حکومت کے پاس صرف 7 ووٹ کی اکثریت ہے ، آرڈیننس کے ذریعے آمریت کے دور میں حکومت چلائی جاتی ہے ۔ لگتا ہے کہ حکومت آمریت کا نعم البدل بن رہی ہے ، وزیراعظم کے بیانات سے لگتا ہے کہ آمریت کے سائے منڈلا رہے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی آرڈیننس کے ذریعے حکومت چلانے کی بھر پور مخالفت کریگی۔ لہٰذا حکومت آرڈیننس کے ذریعے حکومت چلانے اور پارلیمنٹ میں لڑائی سے گریز کرے ۔ ملکی مفاد میں قانون سازی کیلئے پیپلز پارٹی حکومت کی حمایت پر تیار ہے ، حکومت بلوں پر مشاورت کرے ، پارلیمنٹ میں مکمل تعاون کیا جائیگا ۔تاہم آرڈیننس کے اجرا پر حکومت کو ٹف ٹائم دیا جائیگا۔ پیپلز پارٹی پارلیمانی نظام پر یقین رکھتی ہے ۔پی اے سی اور قائمہ کمیٹیوں میں پارٹی ارکان کی شرکت کے معاملہ پر خورشید شاہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی روایت پر عملدرآمد تک قائمہ کمیٹیوں کا حصہ نہیں بنے گی۔