واشنگٹن ( نیٹ نیوز) نو منتخب امریکی صدر جو بائیڈن کے دائیں پاؤں میں بال برابر فریکچر آگیا ہے جس کے باعث ڈاکٹرز نے انہیں کچھ ہفتوں تک واکنگ بوٹ استعمال کرنے کا مشورہ دیا ہے ، جو بائیڈن آفس کے مطابق امریکہ کے نومنتخب صدر جوبائیڈن ہفتے کے روز انجری کا شکار ہوئے تھے جس کے باعث گزشتہ روز انہوں نے نیویارک میں آرتھوپیڈک ماہرین سے معائنے کے لیے ملاقات کی، ڈاکٹر کیون اوکارن نے سی ٹی سی سکین کے ذریعے جوبائیڈن کے پاؤں میں فریکچر کی تصدیق کی اور ان کا کہنا تھا کہ جوبائیڈن کو کچھ ہفتوں تک واکنگ بوٹ کی ضرورت پڑ سکتی ہے ۔ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ نومنتخب امریکی صدر جوبائیڈن کے پاؤں میں فریکچر معمولی نوعیت کا ہے اور اس حوالے سے پریشانی کی کوئی بات نہیں ہے ، میڈیا رپورٹس کے مطابق جو بائیڈن اپنے پالتو کتے کے ساتھ کھیلتے ہوئے پھسل گئے تھے اور ان کا ٹخنہ مڑ گیا تھا۔ ٹرمپ نے بائیڈن کی جلد صحت یابی کی خواہش کا اظہار کیا ، بائیڈن نے اپنی کمیونی کیشن ٹیم کا اعلان کیا اور تمام ذمہ داریوں کے لیے خواتین کو نامزد کردیا ، وائٹ ہاؤس کے شعبہ اطلاعات کے لیے کیٹ بیڈنگفیلڈ ، ، ان کی نائب کیلئے تنظیم ‘امریکا وائس’ کی ڈپٹی ڈائریکٹر ہلی ٹوبر کو نامزد کیا گیا، ایشلے ایٹنی کملا ہیرس کی کمیونٹی ڈائریکٹر نامزد ہوئیں، کملا کی سینئر مشیر اور مرکزی ترجمان سیمون سینڈرز ہونگی، وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کے لیے جین ساکی ، اور ان کی نائب کیرن جین ہونگی۔ جو بائیڈن نے امریکہ کی تاریخ میں پہلی بار ایک خاتون جینٹ ییلن کو وزارت خزانہ کے عہدے کے لئے نامز د کردیا، وہ پہلے فیڈرل ریزرو بنک کی سربراہ رہ چکی ہیں۔