اسلام آباد(سپیشل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پہلی بار ملک میں حکومتی سمیت کسی بھی مداخلت کے بغیر شفاف ضمنی انتخابات ہوئے ہیں۔ذرائع کے مطابق گزشتہ روز پارٹی رہنمائوں کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ضمنی الیکشن میں وفاقی یا کسی صوبائی حکومت نے کسی سطح پر کوئی مداخلت نہیں کی۔ضمنی الیکشن میں سب جماعتوں کیلئے یکساں مواقع موجود تھے ۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارٹی اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر، معاون خصوصی نعیم الحق، وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین عثمان ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری،وزیر تعلیم شفقت محمود،سینٹ میں قائد ایوان سینیٹر شبلی فراز،پارلیمانی سیکرٹری ریلویز فرخ حبیب ،وزیر اعظم کے پریس سیکرٹری افتخار درانی اوردیگر موجود تھے ۔اس موقع پر پارٹی کی ضمنی الیکشن میں کارکردگی پر غورکیاگیا ۔وزرا نے ضمنی الیکشن کے نتائج پروزیراعظم کو بریفنگ دی،یہ بھی بتایا گیا کہ ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی کے امیدوار بعض نشستیں اندرونی اختلافات کی وجہ سے ہارے ۔ اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ پاک فوج اوردیگراداروں نے غیر جانبدارانہ وشفاف انتخابات کو یقینی بنایا۔ وزیر اعظم عمران خان نے انتہائی ناراضگی کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ ضمنی انتخابات میں بہتر انداز میں پارٹی کمپین نہیں کی گئی جس کی وجہ سے اپنی جیتی ہوئی نشستوں پر شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔وزیراعظم نے میڈیاپرپارٹی بیانیہ موثر انداز میں پیش نہ کئے جانے اور اپوزیش کی تنقید کا موثرجواب نہ دیئے جانے کا نوٹس لیتے ہوئے پارٹی کو جوابی حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کی جبکہ فیصلہ کیا کہ وہ اپوزیشن کی تنقید اور پارٹی بیانیہ بہتر انداز میں پیش کرنے کے عمل کی نگرانی خودکرینگے اور ہدایات جاری کرینگے ۔ وزیراعظم نے پارٹی رہنماؤں کو کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی۔دریں اثنا وزیر اعظم سے چین کی کمیونسٹ پارٹی کے بین الاقوامی ترقی کے وزیر سونگ تائو نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات کو پاکستانی عوام خصوصی اہمیت دیتے ہیں۔ تاہم دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔میں دورہ چین کے دوران چینی قیادت سے ملاقات کا منتظر ہوں۔میرا دورہ چین دوطرفہ سٹرٹیجک تعاون اور شراکت داری کی اہمیت کا عکاس ہوگا ۔ غربت ،کرپشن کے خاتمے اور زرعی ترقی کیلئے چینی تجربات سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔ چینی وزیر نے پاکستان کی تمام علاقائی اور عالمی فورمز پر حمایت جبکہ غربت اور کرپشن کے خاتمے اور زرعی ترقی کیلئے بھر پور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبہ نئے پاکستان کی تعمیر میں اہم کردار ادا کریگا۔علاوہ ازیں وزیراعظم سے وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے وزیراعظم آفس میں ملاقات کی جس میں جان جمالی ،سینیٹر ثنا جمالی ،سینیٹر سرفراز بگٹی اوروزیر اعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق بھی موجود تھے ۔اس موقع پر صوبہ بلوچستان کی مجموعی صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔دریں اثناوزیراعظم نے ’’پرائم منسٹرز کمیٹی آن کلائمیٹ چینج‘‘ کی منظوری دید ی۔ کمیٹی کے سربراہ وزیراعظم ہونگے اسکے قیام کا مقصد موسمیاتی تبدیلی سے متعلق مسائل پر اعلیٰ سطح پر تزویراتی رہنمائی ، وفاقی حکومت اور صوبوں کی مربوط کوششوں کیلئے پلیٹ فارم کی فراہمی شامل ہے ۔کمیٹی موسمیاتی تبدیلی پالیسی پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لے گی۔