پیرس (آن لائن) پیرس میں گستاخانہ خاکے شائع کرنے والے میگزین کے سابق دفتر کے قریب چاقو حملہ کے بعد 6 پاکستانیوں سمیت 7 مشتبہ افراد کو گرفتارکر لیا گیا ہے ۔ پولیس کے مطابق 2 چاقو بردار ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ 32 سالہ شخص کا تعلق الجزائر اور 18 سالہ نوجوان کا تعلق پاکستان سے ہے ۔ نوجوان 3سال قبل فرانس آیا تھا ۔ ملزم نے اپنے جرم کا اعتراف کرلیا اور بتایاکہ 32 سالہ الجزائری نے اس کو جذباتی طورپراکساکر اپنے ساتھ شامل کیا ۔ پاکستانی نوجوان کو ماضی میں ایک مرتبہ پیچ کس رکھنے پربھی گرفتار کیا جاچکا ہے ۔پیرس کے شمال مشرقی مضافات سے پاکستانی نژاد مزید5 افراد کو حراست میں لیا گیاہے ۔پولیس کا کہنا ہے کہ یہ گرفتاریاں مرکزی ملزم کے گھر تلاشی کے دوران عمل میں آئیں۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ 18 سالہ حملہ آور کو پولیس گرفتار کررہی ہے جس نے ٹریک سوٹ زیب تن کیا ہوا ہے اور گہرے رنگ کے جوتے پہنے ہوئے ہے ، وہ معمولی زخمی بھی ہے ۔ملزمان کب اور کس طرح اور کس غرض سے فرانس آئے تھے اس کا تعین کرنا باقی ہے ۔القاعدہ نے پیغمبر اسلام ﷺکے خاکے دوبارہ شائع کرنے پر چارلی ایبڈو کیخلاف حملوں کی دھمکی دی تھی۔