لاہور(کرائم رپورٹر) حکومت پنجاب پولیس اہلکار بھرتی کرنا بھول گئی، پنجاب پولیس میں ایڈیشنل آئی جی سے کانسٹیبل رینک کی21 ہزار 7 سو 67 سیٹیں خالی ہیں ۔ذرا ئع کے مطابق پنجاب پولیس کی جانب سے وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کو رپورٹ بھیجی گئی ہے جس میں بتایا گیا کہ ڈی ایس پی سے ایڈیشنل آئی جی کی397 سیٹوں پر فنانشل سیونگ کی وجہ سے تعیناتیاں نہ کی گئیں جس سے حکومتی فنڈز کی بچت کی گئی۔ پنجاب بھر میں 313 ڈی ایس پیز ، ایس پی کی63 ، ایس ایس پی کی 16 ، ڈی آئی جی کی 4 سیٹیں اور ایڈیشنل آئی جی کی ایک سیٹ خالی ہے ، اسی طرح انسپکٹر کی 784 اور انسپکٹر لیگل کی 353 نشستیں خالی ہیں۔ اس کے علاوہ ٹریفک وارڈن کی 1094 ، سب انسپکٹر کی1443 جبکہ کانسٹیبل کی 14 ہزار 350 اور ہیڈ کانسٹیبل کی 2 ہزار 42 سیٹیں خالی ہیں۔ واضح رہے کہ لاہور کا سٹریٹ کرائم کراچی کا ریکارڈ توڑنے کے قریب پہنچ گیا، رواں سال اب تک 20 افراد ڈکیتی مزاحمت پر قتل ہوئے جبکہ 35 زخمی کیے گئے ۔ کراچی میں 21 افراد کوموت کے گھاٹ اتارا گیا۔