کوالالمپور(جاوید الرحمنٰ)ملائیشیا میں پاکستان کی نئی ہائی کمشنر آمنہ بلوچ نے کوالالمپور میں اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں، اس موقع پر انھوں نے نائنٹی ٹو نیوز سے خصوصی گفتگو بھی کی،کشمیر کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے انہوں نے کہا یہ ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے ، جس طرح پاکستان نے اسے سلامتی کونسل میں اجاگر کیا اس سے پوری دنیا میں مسئلہ کشمیر کی اہمیت بہت بڑھ گئی۔آمنہ بلوچ کا کہنا تھا مسئلہ کشمیر کو ملائیشیا میں اجاگر کرنے کیلئے حکمت عملی تیار کی جارہی ہے جس میں حکومتی، تعلیمی سطح کے علاوہ تھنک ٹینکس، انسانی حقوق کی تنظیموں اور این جی اوز کو بھی ساتھ ملایا جائے گا۔آمنہ بلوچ نے تجارت کے حوالے سے کہا کہ پاکستان ملائیشیا کے ساتھ موجودہ فری ٹریڈ ایگریمنٹ ایف ٹی اے میں ایسے نکات شامل کرنا چاہتا ہے اس طرح دونوں ممالک کے مابین تجارت کے موجودہ حجم کو برابری کی سطح تک لایا جاسکے گا، میری کوشش ہوگی کہ ملائیشیا کے ساتھ مل کر جوائنٹ انویسٹمنٹ کمپنی تشکیل دی جائے جس کے ذریعے دونوں ممالک سیاحت، تجارت، ثقافت سمیت دیگر شعبہ جات میں موجود مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں اس میں سی پیک میں سپیشل انویسٹمنٹ زونز کی پرموشن بھی شامل ہوں گی،ملائیشیا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہبود کو آمنہ بلوچ نے اپنی اولین ترجیح قرار دیا، انہوں نے کہا کہ ان سے پہلے بھی پاکستان ہائی کمیشن میں کمیونٹی کی فلاح بہبود کے لئے انتہائی آسان اقدامات کیے گئے ہیں، کوشش ہوگی اس سلسلہ میں ایک قدم مزید آگے بڑھا جائے ۔