سڈنی (این این آئی)آسٹریلیا نے ملک کے جنگلوں میں لگنے والی بدترین آگ کی قومی سطح پر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے ۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق وزیراعظم سکاٹ موریسن کا قومی سطح پر تحقیقات کا اعلان کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’وسیع پیمانے پر لگی آگ سے 30 افراد ہلاک ہوئے جبکہ ہزاروں گھر تباہ ہوئے ،تحقیقاتی کمیشن کے نتائج 31 اگست کو سامنے آئیں گے ۔تحقیقاتی رائل کمیشن قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے مختلف اقدامات پر غور کرے گا اور یہ تجویز دے گا کہ کیسے قدرتی آفات کے لیے تیار رہا جائے ۔ اس تحقیقاتی کمیشن کی سربراہی ایئر فورس کے سابق چیف مارک بنسکن کریں گے جبکہ وفاقی عدالت کے ریٹائرڈ جج اینابیل بینٹ اور ماحول سے متعلق قوانین کو دیکھنے والے وکیل پروفیسر اینڈریو میکنتاش بھی اس کمیشن کا حصہ ہوں گے ۔وزیراعظم سکاٹ موریسن کے مطابق تحقیقاتی کمیشن کے نتائج 31 اگست کو رپورٹ کی شکل میں سامنے آئیں گے ۔