مکرمی !بڑھتی ہوئی آبادی‘ انسانی وسائل کی ترقی, پسماندہ علاقوں کی محرومیاں دور کرنے اور لوگوں کو سہولت دینے کیلئے پنجاب حکومت کچھ تحصیلوں کو ضلع بنانا چاہتی ہے۔پنجاب کی پسماندہ تحصیلوں میں سے ایک تحصیل لیاقت پور بھی ہے۔ تحصیل لیاقت پور کا کل رقبہ 4644 مربع کلومیٹر ہے اور آبادی تقریباً 15 لاکھ کے لگ بھگ ہے۔ تحصیل لیاقت پور میں موجود تاریخی شہر اللہ الہ آباد کی اگر بات کی جائے تو اس کی شناخت کو کوئی جھٹلا نہیں سکتا عباسیہ دور حکومت میں اللہ آباد ریاست کا دارالحکومت رہا ہے اس دور کے بعد اللہ آباد نے کبھی ترقی کی شکل نہیں دیکھی اور دن بدن زوال کا شکار ہوتا جا رہا ہے ۔تحصیل لیاقت پور تعلیم صحت روزگار اور دیگر سہولیات سے محروم ہے ضلع بن جانے کی صورت میں لیاقت پور میں موجود وسیع و عریض رقبہ سرکاری دفاتر اور اداروں کی تعمیر کیلئے کارآمد ثابت ہوگا۔ لیاقت پور کی عوام کے مسائل ہرآنیوالے دن کے ساتھ بڑھتے جا رہے ہیں ان مسائل کو حل کرنے کا واحد طریقہ یہ ہے کہ تحصیل لیاقت پور کو ضلع کا درجہ دیا جائے لیاقت پور کو ضلع کا درجہ دینے کے بعد ہی یہاں کے لوگوں کی زندگی آسان ہو سکتی ہے ۔ ( سید علی حیدر‘ لیاقت پور)