لاہور،پشاور ،کراچی (سٹاف رپورٹر،ڈسڑکٹ رپورٹر ) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف کئی شہروں میں جماعت اسلامی نے احتجاجی مظاہرے کئے اور اضافہ فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا ۔امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ نااہل حکمرانوں نے ہر شعبہ تباہ کر دیا،اشیائے خور ونوش، پٹرول، ڈیزل، ادویات ،بجلی ،گیس کی قیمتوں میں 50فیصد کمی کی جائے ۔تفصیلات کے مطابق امیر جماعت کی کال پر لاہور ،حیدرآباد، کوئٹہ،وہاڑی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف مظاہرے کئے گئے ، مظاہروں میں جماعت اسلامی کے کارکنوں،مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی اور حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف بھرپور نعرہ بازی کی۔ پشاور،صوابی سمیت خیبرپختونخوا کے کئی شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے ،مظاہرین نے حکومت کے خلاف شدید نعرے ، کراچی کے بھی کئی مقامات پر احتجاجی مظاہرے کئے گئے جن میں عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی ، آج بھی احتجاج ہوگا، امیر جماعت اسلامی گوجرانوالہ میں دھرنے سے خطاب کریں گے ۔ جامعہ علوم الاسلامیہ میں تقریب تکمیل بخاری و دستار بندی کے موقع پر خطا ب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ لانگ ہو یا شارٹ، عوام کے لیے اسلام آباد مارچ صرف جماعت اسلامی کرے گی، حکمران اشرافیہ کے ظلم سے قوم کو نجات دلا کر اسلامی فلاحی پاکستان کی بنیاد رکھیں گے ، پونے چار برس قبل ملک پر تبدیلی کے نام پر تباہی مسلط کی گئی ، ملک میں روشنی اور ہوا کے علاوہ ہر چیز پر ٹیکس ہے ، مہنگائی، بے روزگاری، سودی معیشت ،کرپشن کے خلاف ہر شہر میں دھرنا دیا جائے گا ، حکمران میڈیا اور صحافیوں کے خلاف اقدامات بند کریں، صحافیوں پر قدغنوں اور پکڑ دھکڑ کی مذمت کرتے ہیں ۔مولانا عبدالمالک نے بخاری شریف کی آخری حدیث کا درس دیا۔ اس موقع پر پروفیسر ابراہیم، مولانا شمشیر بھی موجود تھے ۔