لاہور(سٹاف رپورٹر)مسلم لیگ ن لیبر ونگ لاہور کے زیر اہتمام لیبر ونگ لاہور کے جنرل سیکرٹری رانا شہباز کی یاد میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر ورکن قومی اسمبلی برجیس طاہر نے کہا ہے کہ پارٹی میں نواز شریف کے بعد جس شخصیت نے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں وہ مریم نواز ہیں۔ جب بھی پارٹی کو ضرورت ہوگی مریم نواز ساتھ ہوں گی۔ ن لیگ پاک فوج کو متنازع نہیں بنانا چاہتی کیونکہ فوج متنازع ہو جائے تو ملک کا مستقبل مخدوش ہو جاتا ہے ۔ مریم نواز کچھ عرصہ پہلے اپنی والدہ کی وفات کے بہت بڑے صدمے سے گزری ہیں۔مریم نواز کے والد نواز شریف بھی زندگی و موت کی کشمکش میں رہے ۔آج کل مریم نواز اپنی دادی کی تیمارداری میں مصروف ہیں۔سیاسی محاذ پر مریم نواز کا آج کل خاموش ہونا کوئی ایشو نہیں ہے ۔ لاہور کے صدر پرویز ملک نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کا طوفان ہے جو آنے والے دنوں میں مذید شدت اختیار کرنے جارہا ہے ۔خواجہ عمران نذیر نے آرمی ایکٹ میں ترمیم کے فیصلے کو ملک و قوم کے فائدے میں قرار دیتے ہوئے کہا کہ تکبر میں آکر بوٹ رکھنے والے یاد رکھیں کہ 2020 اس حکومت کے جانے کا سال ہے ، لیبر ونگ نے مرحوم ساتھیوں کی یاد میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کرکے انکی سیاسی خدمات کو شاندار انداز میں خراج تحسین پیش کیا ہے ۔تعزیتی ریفرنس سے ملک ندیم کامران، رانا ارشد سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا اس موقع پر مرحوم رانا شہباز کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی کا بھی اہتمام کیا گیا۔