لاہور ( رانا محمد عظیم)مسلم لیگ ن کی ایک اور اہم شخصیت نیب کے ریڈار پر آ گئی،با وثوق ذرائع کے مطابق شیخوپورہ سے لیگی ایم این اے اور قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات کے ذمہ دار میاں جاوید لطیف کے خلاف منی لانڈرنگ ، ناجائز اثاثہ جات اور اختیارات کے ناجائز استعمال اور دیگر معاملات میں انکوائری کیلئے ٹیم تشکیل دیدی گئی۔ٹیم کا سربراہ سربراہ ڈپٹی ڈائریکٹر زوار منظور کو بنایا گیا ہے ۔ ایڈیشنل ڈائریکٹرآفتاب احمد کو کیس آفیسر، زوار منظور کو انوسٹی گیشن آفیسر ،منظور اکرم کو اسسٹنٹ انوسٹی گیشن آفیسر، اسد اللہ ملک ، رامین ہمایوں، محمد اکرم، طاہر محمود کیانی، راؤ شہزاد اختر خان انکوائری کمیٹی کے ممبر ہونگے ،انکوائری ٹیم میں کمپنی لاء ایکسپرٹ اور ایف بی آر ایکسپرٹ کو بھی شامل کرکے نوٹیفکیشن نمبر (9)1 Hq-2153-NAB جاری کردیا گیا۔ ذرائع کے مطابق میاں پیٹرولیم اینڈ سی این جی بھٹی چوک شیخوپورہ، علیز سی این جی فیروز وٹواں، گیسٹوپ سی این جی کے حوالے سے انوسٹی گیشن جاری ہے ، ایک سی این جی سٹیشن کا این او سی جعلی،دوسرے کی بلڈنگ منظور شدہ نہیں جبکہ ایک کی بلڈنگ پلان کے مطابق نہیں۔ یہ پراپرٹیز میاں جاوید لطیف کی والدہ کے نام بتائی جاتی ہیں، یہ انوسٹی گیشن بھی کی جائے گی کہ یہ جائیدادیں ان کے ایم این اے بننے سے پہلے کی ہیں یا بعد میں بنائی گئیں،ان کیلئے ذرائع آمدن کیا ہیں ، انکوائری ٹیم کوجامع رپورٹ بنا کر ڈی جی نیب لاہور کو بھجوانے کا حکم دیا گیا ہے ۔