لاہور(گوہر علی) ن لیگ کے دور میں ہونے والی مالی بے ضابطگیوں پر سخت کارروائی کے لئے پنجاب اسمبلی کی پبلک اکاؤ نٹس کمیٹی ٹو نے اہم اقدامات اٹھانے کافیصلہ کرلیا ، پبلک اکاؤنٹس کمیٹی ٹو کے چیئر مین یاور عباس بخاری آڈیٹر جنرل آف پاکستان سے ملاقات کریں گے ،مذکورہ چیئر مین نے بریفنگ کا دورانیہ تین سے بڑھا کر چھ دن کردیا ، احتسابی عمل میں رکاوٹ ڈالنے والے افسران کے خلاف فوری کارروائی کی سفارش کرنے کی نئی روایت قائم کی جائے گی، کمیٹی بے ضابطگیوں سے متعلق کارروائی کے لئے متعلقہ محکموں سے مد د بھی طلب کرے گی ،پنجاب اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی ٹو نے ن لیگ کے دور مالیات امور کی سخت انداز میں جواب دہی کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ،مذکورہ کمیٹی نے اپنے قیام کے بعد تین دن تک اپنے اختیارات اور فرائض کے حوالے سے بریفنگ لی جس میں کمیٹی کے اراکین کو اس کے کام کرنے کے لئے طریقہ کار کے بار ے آگاہ کیا گیا لیکن اب اس کمیٹی نے مزید تین دن بریفنگ لینے کا فیصلہ کیا ہے ، کمیٹی کا اجلاس 16سے 18اپریل کو ہوگا جس میں افسر اس کمیٹی کو کام کرنے کے طریقہ کے بارے مزید آگاہ کریں گے ، کمیٹی کے چیئر مین یاور عباس بخاری کی 19اپریل کو آڈیٹرجنرل آف پاکستان سے ملاقات بھی ہوگی جس میں دونوں اطراف سے اہم امور کا جائزہ لیا جائے گا اور کمیٹی کو مزید مضبوط اور بااختیار بنانے کے بارے غور ہوگا۔ذرائع کے مطابق کمیٹی ن لیگ کے دور میں مالی بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے لئے مختلف محکموں سے مدد بھی طلب کرے گی اورانہیں تحریری طو رپر ہدایت کا جواب دینے کا پابند کیا جائے گا ، کمیٹی کی ہدایت کو نظر انداز کرنے والے افسروں کے خلاف کارروائی کے لئے اعلیٰ حکام کو سفارش کی جائے گی ، ذرائع نے بتایا ہے کہ اگر مذکورہ کمیٹی نے تجویز کردہ اقدامات پر عمل کیا تو یہ پنجاب اسمبلی کی تاریخ کی مضبوط ترین کمیٹی ہوگی اور پارلیمانی سطح پر موثر احتساب کا نیا نظام متعارف ہوگا ۔