لیہ /فیصل آباد/نارووال/پنڈی بھٹیاں /منڈی عثمان والا( ڈسٹرکٹ رپورٹر،خصوصی رپورٹر،نمائندگان 92 نیوز ) آئل ٹینکر کی ٹکر سے موٹر سائیکل پر سوار ماں بیٹا اور بیٹی موقع پر جاں بحق ہو گئے ،نواحی علاقہ بیٹ دیوان بستی کھیرانی کا رہائشی 25سالہ محمد ثقلین کھیرانی اپنی ماں 50سالہ سرداراں بی بی،19سالہ بہن سمیرا بی بی کے ساتھ موٹر سائیکل پر کوٹ سلطان سے لیہ کی طرف آرہے تھے کہ الفیض رائس ملز جمن شاہ کے نزدیک تیز رفتار آئل ٹینکرکی زد میں آگئے ۔دیگر حادثات میں 7 افراد کی جانیں چلی گئیں ،فیصل آباد میں کینال ایکسپریس وے پر تین گاڑیوں کے تصادم کے نتیجہ میں تین شہری جاں بحق جبکہ تین شد ید زخمی ہو گئے ہیں جنکی ہسپتال میں حا لت تشویشناک بتائی جاتی ہے ، کینال ایکسپریس وے کے قریب خراب کیری ڈبہ سواروں کی مدد کیلئے ایک ٹرک رکا تو اسی دوران اس کے عقب میں تیز رفتارکنٹینر سے لدا ہوا ٹرالر ٹرک سے ٹکرا گیا جس سے ٹرا لر پر لدا ہوا کنٹینر کیری ڈبہ پر گر گیا جبکہ ٹرک ٹکرنہر میں جا گرا ، جس کے باعث ان تینوں گاڑیوں میں سوار عظیم گلزار اور عبدالقیوم دم توڑ گئے ۔ نارووال شکر گڑھ روڈ پر تیز رفتارمسافر وین کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار 2 دوست جاں بحق ہوگئے ، نواحی گاؤں جوئیاں کے رہائشی نوجوان 15سالہ افضال اور 14سالہ آصف موٹر سائیکل پر شکرگڑھ سے واپس اپنے گاؤں جارہے تھے کہ تیز رفتار مسافر وین نے ٹکر مار دی ،دونوں دوست موقع پر ہی دم توڑ گئے ، پولیس نے ڈرائیور کوگرفتار کر لیا۔پنڈی بھٹیاں میں دو ٹرکوں میں خوفناک تصادم سے ٹرک ڈرائیور جاں بحق ہو گیا ، حادثہ چنیوٹ روڈ پر ٹبہ شاہ بہلول کے قریب پیش آیا ،ٹرک ڈرائیور راشد علی کی پھنسی ہوئی لاش 6گھنٹوں کی جدو جہد کے بعد ٹرک کو کاٹ کر نکالی گئی ۔منڈی عثمان والا میں ریلوے پھاٹک عثمانوالا کے قریب ٹرین کی زد میں آکر 4 سالہ بچی جاں بحق ہو گئی ،بچے ریلوے لائن کے پاس کھیل رہے تھے کہاچانک کراچی سے لاہور جانے والی فرید ایکسپریس آگئی ، ننھی صبیحہ طاہر زندگی کی بازی ہار گئی جبکہ باقی بچے بھاگ نکلنے میں کامیاب ہو گئے ۔