اسلام آباد،لاہور(92نیوزرپورٹ ، نیوز ایجنسیاں ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے ایسا پلان تیار کررکھا ہے اپوزیشن کو سمجھ نہیں آنی، عدم اعتماد کی ناکامی کے بعد سب کا حساب چکتا کر دوں گا۔ وزیراعظم کی زیر صدارت پارٹی کے سینئر رہنمائوں کا اجلاس ہوا، جس میں شاہ محمود قریشی،پرویز خٹک، اسد عمر، شفقت محمود ، حماداظہر، فرخ حبیب کے علاوہ قانونی ٹیم بھی شریک ہوئی۔ ذرائع کا کہنا ہے اجلاس میں تحریک عدم اعتماد سے نمٹنے سے متعلق مشاورت ہوئی، اتحادیوں سے ہونے والی ملاقاتوں پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کہا میں اوچھے ہتھکنڈوں سے گھبرانے والا نہیں ، پہلے بھی اس مافیا کا مقابلہ کیا اب بھی کروں گا، پنجاب میں پیدا ہونے والے حالات پر قابو پا لیں گے ، تمام ارکان میرا ساتھ دیں گے ، پریشانی کی کوئی بات نہیں۔ وزیراعظم نے اتحادیوں سے ملاقاتوں میں یقین دہانیوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ذرائع کے مطابق شاہ محمودقریشی نے کہا اپوزیشن کی تحریک ناکام بنائیں گے ، ان کے غبارے سے ہوا نکلنے والی ہے ۔پرویز خٹک کا کہنا تھا اپوزیشن کے کئی ارکان ہمارا ساتھ دیں گے ۔بعدازاں وزیر اعظم ایک روزہ دورے پر گزشتہ روز لاہور پہنچے ،جہاں انہوں نے ایوان وزیراعلی میں گورنر اور وزیراعلی پنجاب سے ملاقات کی۔ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی، وزیراعظم نے کہا سیاسی محاذ پر پہلا اور اہم مرحلہ اسلام آباد ہے ، حکومت سیاسی محاذ پر پر اعتماد اور مستحکم ہے ، اپوزیشن کو ہر محاذ پر شکست ہو گی۔وزیراعظم نے گورنر اوروزیراعلی کو مشاورت سے کام کرنے پر زوردیا اور پنجاب کے ارکان اسمبلی سے رابطوں کا ٹاسک گورنر اور وزیراعلی کو سونپ دیا ۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ مرکز میں عدم اعتماد سے نمٹنے کے بعد پنجاب میں فیصلے کیے جائیں گے ، یہ بھی فیصلہ کیاگیا کہ ترین، علیم خان گروپ اور ق لیگی ارکان سے روابط رکھے جائیں تاکہ بہتر فیصلہ ہوسکے ۔ ملاقات میں صوبے کے انتظامی امور اور ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت پربھی گفتگو کی گئی۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کہا تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ تک پنجاب میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائیگی۔وزیراعظم نے عثمان بزدارکوارکان اسمبلی،وزراکی جائزشکایات دورکرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم سے صوبائی وزرا آصف نکئی اور صمصام بخاری کے علاوہ راولپنڈی، سرگودھا، ساہیوال،ڈیرہ غازیخان، بہاولپور ،ملتان ، لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ ڈویژن کے ارکان اسمبلی نے ملاقاتیں کیں ۔ وزیراعظم نے کہاسوچا ہے عدم اعتماد سے ایک دن پہلے ڈی چوک پر جلسہ کروں، جلسے میں بتائوں گا اپوزیشن والے کیوں یہ سب کررہے ہیں، ہر فیصلے کا مناسب وقت ہوتا ہے ، احتساب پر سمجھوتہ نہیں کروں گا۔ ملاقاتوں میں سیاسی صورتحال اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر گفتگو کی گئی۔ وزیراعظم سے ن لیگ کے منحرف ارکان اسمبلی نے بھی ملاقات کی اور مکمل حمایت کایقین دلایا۔