لاہور(کلچرل رپورٹر) گلوکارہ حدیقہ کیانی نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ انہوں نے اپنے بیٹے کیلئے شادی کی اور اْس کی ہی خاطر شوہر سے طلاق بھی لے لی، جس کے بعد انہوں نے دوبارہ شادی نہیں کی۔ثمینہ پیرزادہ کے پروگرام ’اسپیک یور ہارٹ‘ میں حدیقہ کیانی نے شرکت کی اور اپنی نجی و پروفیشنل زندگی سے متعلق گفتگو کی۔ انہوں نے بتایا کہ اکتوبر 2005 کے خوفناک زلزلے کے دوران انہوں نے ایدھی فاونڈیشن سے ایک بچہ گود لیا تھاجس کا نام انہوں نے ’نادعلی‘ رکھا۔ بچے کو گود لینا اْن کی زندگی کا سب سے حسین تجربہ تھا اور وہ اپنے بیٹے کیلئے بہت حساس ہیں۔ ناد علی کی پرورش میں کوئی کمی نہ رہے اور اْسے باپ کا پیار دینے کیلئے انہوں نے شادی کرنے کا فیصلہ کیا اور ایک برطانوی تاجر سے شادی کرلی۔گلوکارہ کا شادی کرنے کا مقصد بیٹے کو باپ کا پیار دینا تھا لیکن بدقسمتی سے اْن کی توقعات پوری نہیں ہوسکیں، جس کے باعث انہوں نے شوہر سے خلع لے لی اور اب وہ اپنی ماں اور بیٹے کیساتھ ایک خوشگوار زندگی گزار رہی ہیں۔