لاہور (سپورٹس ڈیسک) پاکستان ٹی 20 کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے جیت کا کریڈٹ باؤلرز کو دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیریز کے بقیہ میچوں میں پاور پلے میں بیٹنگ مزید بہتر بنانے کی کوشش کریں گے۔تفصیلات کے مطابق پہلے ٹی 20 میچ میں فتح کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کپتان بابراعظم نے کہا کہ آج کی جیت کا تمام تر کریڈٹ باؤلرز کو جاتا ہے جنہوں نے بنگلہ دیش کو اچھے آغاز کے باوجود 150 سے کم رنز پر روکا، حارث رؤف نے اچھا کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ اتنی سست وکٹ کی توقع نہیں تھی تاہم اس کے باوجود باؤلرز نے بروقت صحیح منصوبہ بندی کرتے ہوئے باؤلنگ کی اور ہم نے یہی منصوبہ بنایا تھا کہ انہیں جلد از جلد آؤٹ کریں گے۔بابراعظم کا کہنا تھا کہ باؤلرز کے بعد جس طرح شعیب ملک اور احسان علی نے بیٹنگ کی ہے وہ بہت اچھی تھی اور ہم سیریز کے بقیہ میچوں میں پاور پلے میں مزید اچھی بیٹنگ کی کوشش کریں گے۔ دوسری جانب شعیب ملک نے کہا کہ آج کی جیت کا کریڈٹ باؤلرز کو جاتا ہے اور فیلڈنگ بھی اچھی رہی، بنگلہ دیشی ٹیم نے بیٹنگ میں اچھا آغاز کیا مگر باؤلرز نے زبردست کم بیک کرتے ہوئے انہیں بڑا ہدف دینے سے روکا، اس لئے تمام کریڈٹ انہیں جاتا ہے۔