لاہور(نمائندہ خصوصی سے )وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹر اختر ملک نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ اور عمران خان کی ملاقات سے پاک۔امریکہ تعلقات میں ایک نئے دور کا آغاز ہوا ہے ۔اس سے خطے میں قیام امن اور دو طرفہ تعلقات میں بہتری پیدا ہو گی۔ وزیر اعظم پاکستان کے دورہ امریکہ پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا حجم بڑھانے اور صحت کے شعبہ میں تعاون پر اتفاق ہوا ہے جس کی اشد ضرورت تھی۔ صدر ڈونلڈٹرمپ کی جانب سے افغانستان میں امن کے قیام کے لئے پاکستان کی کوششوں کو سراہنا خوش آئند ہے ۔ مسئلہ کشمیر پر صدر ٹرمپ کی جانب سے ثالثی کی پیش کش کو پاکستان قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔ ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ مدتوں بعد پاکستان کو حقیقی معنوں میں ایک زبردست لیڈر ملا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ قوموں کی ترقی اور زوال میں لیڈر شپ انتہائی اہمیت کی حامل ہوتی ہے ۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ شاہ محمود قریشی نے اپنے تجربے اور مئوثر حکمت عملی کے ذریعے دنیا کے سامنے پاکستان کی سا لمیت کا مقدمہ بڑے زبردست انداز سے لڑ ا ہے ۔