فیصل آباد،سندر (نمائندہ خصوصی ،مانیٹرنگ ڈیسک،نامہ نگار )پی ڈی ایم نے کہا کہ عمران خان نے پوری قوم کو رلا کر اپنا وعدہ پورا کر دیا،حکمرانوں کا احتساب کا ڈرامہ ختم ہوچکا ہے ، پی ڈی ایم نے آپ کااحتساب کرکے کیفر کردار تک پہنچانا ہے ، حکومت عذاب کی طرح قوم پر مسلط ہے ،پارلیمنٹ کور بڑ سٹیمپ بنادیاگیا ،ملک کی بقااسی میں ہے کہ نااہل حکمرانوں کوبے دخل کرکے اقتدارچھین لیاجائے ۔ان خیالات کا اظہار رہنمائوں نے فیصل آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔سربراہ پی ڈی ایم مولانافضل الرحمٰن نے کہاہے کہ اگرآج ہم قوم کاسہارانہ بنے توپھرخون خرابے کے سواکچھ نہیں بچے گا، غریب عوام پرمہنگائی کے پہاڑتوڑدیئے ہیں، ہم اداروں کو مستحکم اور طاقتور دیکھنا چاہتے ہیں،ہرایک کواپنے دائرہ کارمیں رہ کرکام کرناہوگا، تم دوسروں کوچورنہ کہو ،اپنے دامن پرنظرڈالو،تم نے تحفے کی گھڑیاں بھی بیچ ڈالیں،اب یہ تحریک آگے بڑھے گی،اب جلسوں سے آگے سڑکوں پر آنا ہو گا ،قوم میدان میں آئے ۔ مریم نوازنے خطاب کرتے ہوئے ایک شخص جس کانام عمران خان تھا وہ کہاکرتاتھاجب جب چینی ،آٹا مہنگا ہو جائے تو سمجھ لو وزیراعظم چور ہے ، نوازشریف کے دور میں چینی 50روپے کلوتھی اور آج 120روپے کلو ہے ، پیٹرول 70روپے لٹر اور آج 138روپے فی لٹر ہے توبتائوپھرچورکون ہے ؟ ، اب انکی بے حسی ،نالائقی کی وجہ سے دنیا ڈینگی کی وجہ سے مررہی ہے ،مجال ہے انکوکسی کی پرواہو،نوازشریف تمہارے بغیررل گئے ، حکومت کایہ حال ہے گرمی آتی ہے توبجلی غائب،سردی آتی ہے توگیس غائب ہے ۔ حکومت کاتاریخ کاسب سے بڑا122ارب کاایل این جی کاڈاکہ،جس وجہ سے آپ کومہنگی بجلی مل رہی ہے ،عمران خان اوراسکی اے ٹی ایمز نے جان بوجھ کردیرسے اورمہنگے داموں ایل این جی منگوائی،خون پسینے کی کمائی عمران اوراسکے دوستوں کی جیبوں میں گئی، عمران کی کرپشن کی داستانیں ختم نہیں ہونگی،جب اپنا حساب کتاب دینے کی باری آئی تونیب کاپورے کاپوراقانون ہی بدل دیا، فوج کے اعلیٰ افسران کی تقرریاں جن بھوت کررہے ہیں ،عمران تم ڈکٹیٹرسے بھی بدترہو ، عوام تمہاری حکومت کاتیاپانچاکرنے کیلئے تیاربیٹھی ہے ، احسن اقبال ے کہا ہے کہ وقت آگیا ہے کہ ہم پاکستان کو سنبھالیں ورنہ لوگ بھوکے مرجائیں گے ۔طلال نے کہاکہ عمران نے نہ تو اپنی عزت کا خیال کیا اور نہ ہی لانے والوں کی۔ جاوید لطیف نے کہا کہ پاکستان میں آئین توڑنے والوں سے مفاہمت ممکن نہیں۔ محمود اچکزئی سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی جلسہ عام سے خطاب کیا۔ جلسہ میں ، شاہد خاقان ، رانا ثنا ، کیپٹن صفدر، پرویز رشید، مریم اورنگزیب ، ساجد میر، انس نورانی و مقامی سیاسی قائدین بھی موجود تھے ۔ قبل ازیں فضل الرحمٰن نے جامعہ قاسمیہ غلام محمد آباد کا دورہ کیا ۔ روانگی سے قبل جاتی عمرہ میں گفتگو کرتے ہوئے مریم نے کہا کہ موجودہ حکومت میں ہر چیز مہنگی ہوگئی ، حکومت کو یہ پتہ نہیں آج گئی یا کل گئی ، میں نے اپنی طرف سے پاکستان سے متعلق خدشات سے امریکی ناظم الامور کو آگاہ کیا ۔ لاہور ،اسلام آباد،کراچی (سٹاف رپورٹر،سپیشل رپورٹر ،92 نیوز رپورٹ) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ پر اپوزیشن نے وزیراعظم کو شدید تنقید کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو اب پتہ چل گیا کہ اصل چور اور لٹیرے کون ہیں،پٹرول کی مہنگائی کا بم منی بجٹ کا تسلسل ہے ،عوام کا خون نچوڑنے سے بہتر ہے عمران نیازی ملک وقوم کی جان چھوڑ دیں ،پٹرولیم مصنوعات نرخوں میں مزید اضافہ عوام پر خود کش حملہ ہے ۔تفصیلات کے مطابق (ن) لیگ کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ منی بجٹ موجودہ حکومت کی معاشی ناکامیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے ،پٹرول کی مہنگائی کا بم منی بجٹ کا تسلسل ہے ، اتنی قیمت بڑھانا مظلوم عوام کی بددعائیں لینا ہے ، عوام کیسے زندہ رہیں گے ؟، غریب آدمی گھر کا نظام کیسے چلائے گا ؟ ۔ حمزہ نے کہا ہے کہ چور اور لٹیرے وہ ہیں جنہوں نے عوام کے منہ سے نوالے چھینے ہیں ، احسن اقبال نے کہا ہے کہ سوموار کو اسمبلی میں احتجاج کیا جائیگا۔ مریم اورنگزیب ،مفتاح نے کہا ہے کہ غریب دو وقت کی روٹی کا محتاج ہے ۔ رانا ثنا نے کہا ہے کہ مہنگائی کے خلاف عوام کو باہر نکلنا ہوگا ۔پی پی چیئرمین بلاول نے کہا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل مہنگا کرنا ثابت کرتا ہے کہ عمران ایک عوام دشمن وزیراعظم ہے ، پی ٹی آئی ملک میں مہنگائی کا سونامی لے آئی ،پٹرو ل مہنگا کر کے حکومت دراصل عوام سے اپنی نااہلی کی قیمت وصول کررہی ہے ۔ سانحہ شہدائے کارساز کی 14 ویں برسی پر بلاول جلسے میں پیپلزپارٹی کے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے ۔ نیئر بخاری نے کہاہے کہ حکومت آئی ایم ایف کیلئے معیشت کو بدحال کر رہی ۔ حافظ حمداﷲ نے عوام کو گھبرانے کا کہتے ہوئے کہا کہ اب بہت ہوگیا ہے قوم کو چاہیے کہ اب وہ گھبرائیں۔ امیر حیدر خان ہوتی نے کہا حکومت معاشی دہشتگردی پر اتر آئی ہے ۔