لاہور،راولپنڈی(وقائع نگار،نامہ نگار خصوصی، 92 نیوزرپورٹ) وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے حکومت کی جانب سے ماہ جون کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی وزیرِ اعظم عمران خان کی جانب سے عوام کیلئے تحفہ ہے ۔ علاوہ ازیں ذرائع کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے احکامات کو نظر انداز کرنا شروع کردیا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کو وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے تحفظات سے آگاہ کردیا، ملک جواد رفیق صرف لیگی وابستگی کے حامل افراد کو پوسٹنگ دے رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے چیف سیکرٹری پنجاب کی پھر تبدیلی کیلئے ناموں پر غور شروع کردیا ۔دریں اثنا صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے وزیراعلیٰ او رچیف سیکرٹری کے درمیان اختلافات کے حوالے سے میڈیا پر نشر ہونے والی خبریں بے بنیاد،من گھڑت اور حقائق سے منافی قراردیدیں۔