اسلام آباد(نامہ نگار)وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے وزیراعظم عمران خان کے جنرل اسمبلی سے خطاب کو پاکستانی اور کشمیری عوام کی حقیقی ترجمانی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم نے ایک بار پھر تاریخی خطاب کر کے ثابت کیا ہے کہ وہ حقیقی معنوں میں کشمیریوں کے حقوق کے وکیل اور سفیر ہیں،وزیراعظم کے خطاب کو نہ صرف پاکستان میں سراہاجا رہا ہے بلکہ کشمیری عوام بھی وزیراعظم کے اس خطاب پر انہیں خراج تحسین پیش کر رہے ہیں۔ اپنے بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی جانب سے ایک زبردست مہم جاری تھی جس کو مولانا فضل الرحمٰن جیسے مفاد پرست نے اپنے خود ساختہ آزادی مارچ سے ڈی ریل کرنے کی کوشش کی۔مولانا کے اس قابل مذمت اقدام سے پوری پاکستانی قوم نے پہچان لیا کہ درحقیقت یہودیوں کا ایجنٹ کون ہے ، کرپٹ سیاسی رہنمائوں کو ملکی مفاد سے کوئی سروکار نہیں ہے اور ایک دوسرے کو سڑکوں پر گھسیٹنے والے مفاد پرست عناصر اپنی کرپشن بچانے کیلئے آج اکٹھے ہو چکے ہیں،وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر میں دہائیوں سے جاری بھارتی ظلم وبربریت کا خاتمہ ہو گا۔