لاہور(سٹاف رپورٹر ) تحریک لبیک یارسول اﷲ ؐ و تحریک لبیک اسلام کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے این اے 128 میں دادوغہ والا ،سلامت پورہ اور کوٹلی پیر عبد الرحمن میں انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا نواز شریف اور زرداری کی لوٹی ہوئی دولت واپس لا کر کالاباغ تعمیر کیا جائے ۔ تحریک لبیک یا رسول اﷲؐ ملک بھر میں روحانی اقدار کو فروغ دے گی ہم تعلیمی ترقی ،معاشی خوشحالی اور انصاف کی فراہمی سے پاکستان کو مستحکم کریں گے ۔ تحریک لبیک یا رسول اﷲ ؐنے سیاسی پنڈتوں کی نیندیں اڑا دی ہیں ۔ہم مغربی تہذیب کا نیا پاکستان نہیں اکابرینِ تحریک آزادی والا مدنی پاکستان چاہتے ہیں پی پی 156 کے امیدوار مفتی محمد عابد جلالی نے کہا تحریک لبیک اسلام اپنے جامع اور انقلابی منشور کی وجہ سے ہر طرف غالب آرہی ہے ۔ پی پی 155 کے امیدوار چوہدری شاہد محمود نمبردار نے کہا کہ ملک کے تمام مسائل کا حل نظام مصطفیؐ میں ہے ۔پی پی 154 کے امیدوار محمد ندیم خان شیروانی نے کہا ہم مفاداتی سیاست نہیں نظریاتی سیاست پر یقین رکھتے ہیں ۔اس موقع پر مولانا فدا حسین جلالی،مولانا محمد فیاض فیضی ،مولانا محمد وقار نقشبندی و دیگر موجود تھے ۔