لندن، جمیکا (این این آئی)انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے دورہ پاکستان ملتوی کیے جانے سے متعلق ایک اور اہم انکشاف ہوا ہے کہ کسی نے تحفظات ظاہر نہیں کیے ،برطانوی اخبار ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق انگلینڈ میں کرکٹرز کی یونین ٹیم انگلینڈ پلیئر پارٹنر شپ کے ایک عہدیدار نے انکشاف کیا کہ انگلینڈ کے کسی کرکٹر (مرد یا عورت) نے دورے کے حوالے سے اپنے خدشات ظاہر کیے اور نہ ہی ای سی بی کی جانب سے ان میں سے کسی سے پہلے کوئی مشورہ کیا گیا، ہم نے دورہ پاکستان سے انکار نہیں کیا۔ ای سی بی نے اجلاس کے بعد کھلاڑیوں کو فیصلے کے بارے میں بتایا۔ یونین کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ای سی بی نے دورہ منسوخ کرنے کا یکطرفہ فیصلہ کرلیا، پلیئر یونین سے رائے بھی نہیں لی گئی۔ دوسری طرف دورہ پاکستان کے حوالے سے ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ نے کہا کہ پاکستان سمیت کسی بھی دورے کی کمٹمنٹ پوری کرنے کا ارادہ ہے ، اعلامیہ کے مطابق ہمارا ارادہ یہی ہے کہ ہم ٹور کی ذمے داریاں پوری کریں گے ۔سی ای اوکرکٹ ویسٹ انڈیز جانی گریو نے کہا کہ ہم ماضی کی طرح دورہ سے قبل تمام ضروری عمل کا جائزہ لیں گے ، ویسٹ انڈیز پلیئرز ایسوسی ایشن اور کھلاڑیوں سے بات کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ ہماری مینز اور ویمنز ٹیم پاکستان میں کھیل چکی ہیں، اس وقت ہمارا فوکس ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ پر ہے ،نیوزی لینڈ اب واپس آنا چاہے بھی تو پاکستان 2023 سے قبل میزبانی نہیں کرسکتا۔ خیال رہے کہ ویسٹ انڈیز نے تین ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان آنا ہے تاہم نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی جانب سے اپنے دورے منسوخ کیے جانے کے بعد ویسٹ انڈیز کے دورہ پاکستان پر بھی خدشات ظاہر کیے جارہے ہیں۔