مکرمی! آخر لوگوں کے دل اتنے چھوٹے اور کمزور کیوں ہوگئے ہیں؟ کہ کوئی صدمہ پہنچتا ہے تو خودکشی کرنے نکل پڑتے ہیں۔ٹھیک ہے، کسی حادثے سے دل کو دکھ تکلیف اور صدمہ ضرور پہنچتا ہے مگر اسکا یہ مطلب تو نہیں کہ انسان ہمت ہارے اور موت گلے لگالے اور موت بھی وہ جو حرام اور شرک کے بعد سب سے بڑا گناہ ہے۔یہ زندگی پھولوں کی سیج نہیں،یہ آزمائشوں کی جگہ ہے۔ اللہ ہر انسان پہ مشکل وقت ڈالتا ہے اسے آزمائش دیتا ہے۔وہ یہ دیکھنا چاہتا ہے کہ جو انسان اسکی عطا کی ہوئی خوشیوں میں اتنا لطف اندوز ہوتا ہے وہ آزمائش اور مشکلات میں کتنا ثابت قدم رہتا ہے؟جو انسان آزمائشوں پہ پورا اترتا ہے صبر ثابت قدمی اور بہادری کا مظاہرہ کرتا ہے۔ اللہ اسے پھر افضل بندوں میں شمار کرتا ہے۔کربلا کے واقعے سے سبق حاصل کرنا چاہیئے کہ جتنی مرضی تکلیف ہو اللہ پہ بھروسہ رکھ کر ثابت قدم رہنا چاہیے۔خدارا ! رب تعالیٰ کی آزمائشوں میں پورا اتریں اور صبر کا مظاہرہ کریں۔زندگی کو جینا سیکھیں اور مشکلات کا بہادری سے سامنا کریں ۔ اکثرکل موت کی تمنا رکھنے والے آج جینے کی دعا کرتے ہیں۔(سید شہریار علی بخاری۔لاہور)