کراچی (نیٹ نیوز) اداکارہ مہوش حیات کی جانب سے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر خواتین کے واش رومز میں گندگی اور تعفن کے حوالے سے کی جانے والی ٹوئٹ پر حکومت نے نوٹس لیتے ہوئے مسئلے کو سامنے لانے پر اداکارہ کا شکریہ ادا کیا ہے ۔ حال ہی میں اداکارہ نے پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کے ایئرپورٹ پر خواتین کا واش روم استعمال کیا تو وہاں انہوں نے گندگی اور تعفن دیکھ کر شدید برہمی کا اظہار کیا تھا۔ مہوش حیات نے 24 جنوری کو اپنی ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ ’بدقسمتی سے انہیں کراچی ایئرپورٹ پر خواتین کے بیت الخلا استعمال کرنے کا اتفاق ہوا اور وہ خواتین واش روم میں گندگی اور تعفن دیکھ کر شدید حیران رہ گئیں، وہاں کاکروچ بھی دکھائی دئیے ۔ یہ عمل نہ صرف حفظان صحت کے اصولوں کے خلاف ہے بلکہ اس عمل سے ہم بیرون ملک سے آنے والے افراد کو پہلا تاثر بھی غلط دے رہے ہیں۔ اداکارہ کی جانب ایئرپورٹ کے خواتین کے ٹوائلیٹ کی خراب حالت بیان کرنے کے بعد ان کی ٹوئٹ پر دیگر افراد نے بھی کمنٹس کیے اور ان سے ملتا جلتا تجربہ بیان کیا۔حریم سنبل نامی خاتون نے اپنا تجربہ شیئر کیا اور بتایا انہوں نے بھی ٹوائلٹ میں کاکروچز کو اڑتے دیکھا۔ آمنہ سلیمان نامی خاتون نے انکشاف کیا کہ خواتین کے واش رومز کا سٹاف ہر وقت پیسے بھی مانگتا ہے اور وہ بطور پاکستانی شہری اس پر پریشان ہوتی ہے کہ بیرون ممالک سے آنے والے افراد یہاں کے حوالے سے کیا سوچیں گے ۔ عائشہ نے لکھا کراچی ایئرپورٹ کے خواتین واش روم کا عملہ آتے جاتے افراد سے ڈالر مانگتا ہے اور اگر ڈالر نہ ملیں تو ریال اور جب وہ بھی نہ ملیں تو آخر میں روپے مانگتا ہے ۔ اداکارہ کی ٹوئٹ کے بعد وزارت اورسیز اینڈ ہیومن ڈیولپمینٹ ریسورس نے واقعے کا نوٹس لیا اور وزارت نے اداکارہ کو جواب دیا کہ ان کی شکایت کا نوٹس لے لیا گیا اور جلد متعلقہ افراد کو نوٹسز جاری کردیے جائیں گے ۔