مکرمی! تحریک انصاف کی حکومت کو قائم ہوئے اٹھارہ ماہ سے زائد کا عر صہ بیت چکا ہے مگر تاحال انہوںنے روز بروز کی بڑھتی ہوئی مہنگائی ،غربت اور بے روزگاری کے خاتمے کو یقینی بنانے کیلئے حقیقی اقدامات نہیںکئے جس کے باعث آئے روز کوئی نہ کوئی بحران سر اٹھا کر عوام کو درپیش مسائل مزید بڑھانے کی وجہ بن رہا ہے ۔ عوام کو اس سے کوئی غرض نہیں کہ زر مبادلہ کے ذخائر کہاں تک پہنچے اور روپے کی قدر میں کتنا استحکام آیا، وہ جب پیسے لے کر ضروریات زندگی خریدنے نکلتے ہیں اور کئی چیزوں کی خرید سے دست بردار ہوتے ہیں تو انہیں روپے کی قدر میں کمی و استحکام کا تجربہ ہو تا ہے۔ غریب لوگ کل دو وقت دال روٹی کھا سکتے تھے، اب ایک وقت کا کھانا کھا نا مشکل ہو گیا ہے۔ گیس اور بجلی کی عدم دستیابی کے باوجود بڑھتے بلوں نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ حکومت کو مہنگائی کے خاتمے اور روز گار کی فر اہمی کے لیے سنجیدہ عملی اقدامات کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ (انجینئر ندیم ممتاز قریشی ملتان )