ملتان(سپیشل رپورٹر)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت کو مزدور اور دیہاڑی دارطبقے کے مسائل کا ادراک ہے ۔ مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے محنت کشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ملک کی ترقی محنت کشوں کی ترقی سے وابستہ ہے ۔ وزیراعظم عمران خان مزدوراوردیہاڑی دار طبقے کیلئے دلی طور پرفکر رکھتے ہیں۔ ایسے طبقات کی زندگی میں تبدیلی لانا وزیراعظم کا مشن ہے ۔ مزدوروں کی تحریک ہر طرح کے امتیازات ‘ جبر اور حقوق کی پامالی کے خلاف جدوجہد کیلئے مشعل راہ ہے ۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان کا احساس پروگرام محنت کشوں کیلئے ان کی پالیسیوں کی عکاسی ہے ۔ وزیراعظم پاکستان حقیقی معنوں میں غریبو ں کی زندگیوں میں تبدیلی لانا چاہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز عالمی یوم مزدور کے حوالے سے جاری کردہ پیغام اور ملتان میں مختلف مقامات پرتقریبات سے خطاب اور وفود سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ملتان میں مصروف دن گزارا ۔انہوں نے کہا کروناو بائنے دنیا کی مضبوط اور طاقتورمعیشت کو بری طرح متاثر کیا ہے ، کورونا چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ہمارا فوکس معاشی سفارت کاری کو بروئے کار لاتے ہوئے اقتصادی تعاون کا فروغ اور علاقائی روابط میں اضافہ کرناہے ۔ انہوں نے کہا افغانستان میں امن کے لئے دوہا میں مذاکرات جاری ہیں پاکستان افغان امن سمیت خطے میں امن و استحکام کیلئے اپنی مصالحانہ کاوشیں جاری رکھے گا ۔ خطے میں دیر پا اور مستقبل قیام امن کیلئے عالمی برادری کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کشمیر کا مسئلہ ایک خطے کا نہیں بلکہ ایک عالمی مسئلہ جسے اقوام متحدہ کی قرارداد وں کے مطابق حل کرنا ہوگا ۔ ضرورت اس امر کی ہے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا سلسلہ رکوانے اور مظلوم کشمیریوں کو بھارتی قابض افواج کے استبداد سے نجات دلانے کیلئے عالمی برادری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ۔ قبل ازیں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ملتان میں مصروف دن گزارا۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے وزیر مملکت ملک عامر ڈوگرکے سسر ملک عبدالشکور ڈوگر کے انتقال پرافسوس کا اظہار کیا اور لواحقین کیلئے صبر وجمیل کی دعا کی ہے ۔