لاہور، پاکپتن، بھکر،سلانوالی،پپلاں، فیصل آ باد (اپنے سٹاف رپورٹر سے ،ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگاران،خصوصی رپورٹر ) ملک بھر میں گندم ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے ، صوبائی دارالحکومت سمیت مختلف علاقوں سے گندم کی18 ہزار سے زائد بوریاں برآمد کر لی گئی ہیں، گزشتہ روز لاہور میں اسسٹنٹ کمشنر مہدی مالوف نے تحصیل شالیمار میں تین رائس ملوں پرچھاپے مارتے ہوئے مجموعی طورپر 9 ہزار گندم کی بوریاں برآمد کی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ المدینہ رائس ملز سے دو ہزار بوریاں ضبط کر کے ملز کو سیل کرتے ہوئے دوافراد کوگرفتارکرا دیا گیا ہے ، اتفاق رائس ملز سے تقریباً 5000 جبکہ ایک اور ملز سے 2 ہزار بوریاں پکڑی گئی ہیں۔ پاکپتن میں ڈسٹرکٹ مانیئرنگ ٹیم نے دو گوداموں میں ذخیرہ کئے گئے 10 ہزار من چاول اور 3625 من چینی برآمد کر کے گوداموں کو سیل کر دیا ہے ۔بھکر،سلانوالی اورپپلاں میں چھاپوں کے دوران 9600 بوری گندم برآمد ہوئی ہے ،فیصل آباد میں ضلعی انتظامیہ نے ذخیرہ کی جانے والی چار ہزار من سے زائد گندم برآمد کر کے تین ملزموں شاہد اور عمران وغیرہ کے خلاف مقدمات درج کر لئے ہیں ۔