کراچی ( سٹاف رپورٹر، نیوزایجنسیاں )وفاقی وزیر برائے ترقی ، منصوبہ بندی و خصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا ہے پورے پاکستان نے تاریخی مناظر دیکھے کہ شہبازشریف نے کیسے زرداری کو کراچی کی سڑکوں پرگھسیٹا۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا شہباز شریف الیکشن کے بعد پہلی دفعہ کراچی آئے ، بڑی خوشی ہوئی شہباز شریف کے دل میں کراچی کے شہریوں کا درد جاگا مگر وہ کراچی کے شہریوں کی اشک شوئی کی بجائے سیاست کرکے چلے گئے ۔ اگر اپوزیشن کراچی کیلئے کام کرنے کو تیار ہے تو انہیں خوش آمدید کہتے ہیں۔ہم اس وقت سیاست نہیں کرنا چاہتے ، کراچی بیانات نہیں زمین پر ایکشن دیکھنا چاہتا ہے ۔وفاقی وزیر نے کراچی میں بجلی تقسیم کرنے والے ادارے کے الیکٹرک کے ہیڈ آفس کا بھی دورہ کیا اور کہا کراچی کا بڑا مسئلہ بجلی کا بھی ہے ۔ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ سے بھی بجلی کے معاملے پر بات ہوئی، اب سنجیدگی سے کے الیکٹرک کے بارے میں سوچنا ہوگا، سپریم کورٹ کے مطابق کے الیکٹرک کے لائسنس میں بھی تبدیلی کی جاسکتی ہے ۔ اسد عمر کا کہنا تھا نیپرانے کرچی کیلئے بجلی اسلئے مہنگی کرنے کا فیصلہ کیا کہ اڑھائی سال قبل ملک کے دیگر علاقوں کیلئے بجلی کی قیمت بڑھا دی گئی تھی لیکن کراچی کے کچھ تاجر عدالت چلے گئے اور ابھی عدالت نے حکم امتناع خارج کر دیا ہے تو باقی پاکستان والے اڑھائی سال سے جو نرخ ادا کررہے ہیں وہی نرخ اب کراچی میں ہوں گے ۔