اسلام آباد ،لاہور(خبر نگار خصوصی، کلچرل رپورٹر، 92 نیوزرپورٹ) پاکستانی قوم آج 56واں یوم دفاع روایتی جوش و جذبے سے نائے گی۔ اس سلسلے میں ملک بھر میں مختلف تقریبات کا اہتمام کی جائے گا، صبح کا آغاز ملک بھر کی تمام چھوٹی بڑی مساجد میں نماز فجر کے بعد شہدا کیلئے قرآن خوانی اور ملک و قوم کی سلامتی اور استحکام کیلئے خصوصی دعائوں سے ہو گا، وفاقی دارالحکومت میں 31اور صوبائی دارالحکومتوں میں21،21توپوں کی سلامی پیش کی جائے گی جبکہ شہدا کی یادگاروں پر پھول چڑھانے کی تقریبات ہوں گی اور فاتحہ خوانی کی جائے گی۔ لاہور،سرگودھا اور سیالکوٹ میں ہلال استقلال لہرائے جائیں گے ۔یوم دفاع کے حوالے سے اخبارات خصوصی سپلیمنٹ شائع کریں گے اور65ء کی جنگ کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔پی ٹی وی اور نجی ٹی وی چینلز سے یوم دفاع کے حوالے سے خصوصی پروگرام ٹیلی کاسٹ کیے جائیں گے ۔ادھر پاک بحریہ نے یوم دفاع پاکستان کی مناسبت سے خصوصی نغمہ ’’دل خوش ہوا‘‘ جاری کر دیا،ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نغمے میں پاک وطن کے جاں نثاروں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے ، نغمہ یونیفارم سے جڑے فرض اور قرض کے احساس ذمہ داری اور شہادت کے لازوال جذبے کا عکاس ہے ،نغمہ تین یاروں کی کہانی ہے جو جڑے تو آہن بن گئے اور پھر شہادت بھی جدا نہ کر سکی۔ پاک فضائیہ کی جانب سے بھی یومِ دفاع کی مناسبت سے ملی نغمے جاری کیا گیا ہے ۔یہ نغمہ معروف اور نامور گلوکار علی ظفر نے گایا ہے جس میں جذبہ حب الوطنی کو اجاگر کیا گیا ہے ۔علاوہ ازیں پاک فضائیہ کی جانب سے یوم دفاع کی مناسبت سے دستاویزی فلم کی ابتک 6 اقساط جاری کی جاچکی ہیں۔دستاویزی فلم انہیں خراج عقیدت ہے جنہوں نے دشمن کیساتھ جنگ65 ئمیں پیش آنے والے فضائی معرکے میں بہادری کی نئی داستان رقم کی اور ملک و قوم کا وقار بلند کیا۔یوم دفاع پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت عارف علوی نے کہا میں ان تمام افسران اور جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے دفاع ِ وطن کی خاطر جرات و بہادری کا بے مثال مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ میں شہداکے خاندانوں کو بھی ان کے حوصلے اور صبر و استقامت پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ 6 ستمبر کو ہمارا یوم دفاع و شہداء ، ہماری تاریخ میں اْس جْرات و بہادری ، حب الوطنی اور فرض سے لگن کی علامت ہے جس کا مظاہرہ ہماری بہادر قوم اور افواج نے کیا تھا۔ پاکستان کی بری ، بحری اور فضائی افواج نے پوری قوم کی مدد سے دشمن کو ہر محاذ پر شکست دی۔ آئیے ،ایک مرتبہ پھر ، ہم مادرِ وطن پر اپنی جان قربان کرنے والے ہیروز کو سلام پیش کریں۔ چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے یوم دفاع پر قوم کے نام پیغام میں کہا ہے یوم دفاع پاکستان دشمن کے عزائم کو خاک میں ملانے اورقومی جرات و بہادری کا دن ہے ۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے کہا ملک کے دفاع کیلئے اور دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاک افواج نے جو قربانیاں پیش کیں ان کی مثال نہیں ملتی۔ قوم کو پاک افواج پر فخر ہے ۔ ملک کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے ، پاک فوج کی موجودگی میں دشمن پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکتا۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا ہمارے بہادر جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دیکر دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا ہے ۔سربراہ پی ڈی ایم و جے یو آئی مولانا فضل الرحمان نے کہاپاکستان کے دفاع کیلئے دی جانے والی قربانیاں قابل تحسین ہیں ۔