نیویارک (این این آئی)عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کہا ہے کہ وہ ممالک جہاں کورونا وائرس کی وبا میں کمی واقع ہورہی ہے ،اگر وہ اس وبا کو روکنے کے اقدامات سے بہت جلد دستبردار ہوجائیں گے تو پھر انہیں وبا کی دوسری لہر کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔ڈبلیو ایچ او کی ہنگامی صورتحال کے سربراہ ڈاکٹر مائیک ریان نے ایک آن لائن بریفنگ میں بتایا کہ بہت سارے ممالک میں کیسز کم ہورہے ہیں تو وسطی اور جنوبی امریکہ، جنوبی ایشیا اور افریقہ میں بڑھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا وبائی بیماری اکثر لہروں کی صورت میں آتی ہے ، اس کا مطلب یہ ہے کہ کورونا وائرس اس سال کے آخر میں ان جگہوں پر واپس آسکتا ہے جہاں پہلی لہر ختم ہورہی ہے ۔ڈاکٹر مائیک ریان نے مزید کہا کہ اس بات کا قوی امکان موجود ہے کہ اگر پہلی لہر کو روکنے کے اقدامات ختم کردیئے گئے تو وائرس کی شرح میں ایک بار پھر تیزی سے اضافہ ہوسکتا ہے ۔