پیرس (اے پی پی) ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے کراچی ، نئی دہلی،ممبئی اورمیکسیکو سٹی اپنی آبادیوں اور معیشتوں کو نقصان پہنچانے کے ’’ہائی رسک‘‘پر آگئے ،افریقہ کے دو تہائی شہر بھی شدید خطرات کی زد میں ہیں ۔فرانس میں اقوام متحدہ کی معاونت میں ماحولیاتی تبدیلیوں پر ہونے والے ایک تجزیاتی رپورٹ کے مطابق افریقہ کے دو تہائی شہر ماحولیاتی تبدیلی کے شدید خطرات کی زد میں ہیں جن میں سے تین شہروں کو تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی اور ناقص انفراسٹرکچر کی وجہ سے انتہائی خطرات لاحق ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ماحولیاتی خطرات سے دوچار دنیا کے 100بڑے شہروں میں سے 86افریقہ میں ہیں۔سنٹرل افریقن ریپبلک کا شہر بنگوئی،لائبیریا کا شہر مونروویا اور کانگو کا شہر بوجی مایی انتہائی خطرات کی زد میں ہیں۔ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے سیلاب ،بارشوں اور موسمیاتی شدت کی وجہ سے شہروں کی معشیت بری طرح متاثر ہوتی ہے ۔رپورٹ میں کہا گیا کہ کراچی ، نئی دہلی،ممبئی اورمیکسیکو سٹی ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے اپنی آبادیوں اور معیشتوں کو نقصان پہنچانے کے ’’ہائی رسک‘‘پر ہیں۔