لاہور،کراچی ،پشاور (سٹاف رپورٹر،کامرس رپورٹر،92 نیوزرپورٹ) عید قربان کے قریب آتے ہی منافع خوروں نے شہریوں کی کھال اتارنا شروع کر دی، ٹماٹر ایک بار پھر شہریوں کے منہ لال کرنے لگا،سبزیوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہو گیا، مصالہ جات کی قیمتیں بھی قوت خرید سے باہر ہو گئیں، دو ہفتے قبل 15 سے 20 روپے کلو ملنے والے ٹماٹر آج کل 120 روپے کلو میں ہونے لگے ، 295 روپے کلو والا ادرک عید کا ذکر سنتے ہی چھلانگ لگا کر 400 تک جا پہنچا،دیسی لہسن کی سرکاری قیمت 180 روپے لیکن مارکیٹ میں 320 روپے ، سبز مرچ کی سرکاری قیمت 88 روپے فی کلو مگر منافع خور مارکیٹ میں 120 روپے کلو فروخت کر رہے ہیں،ٹماٹر کی درآمد پر پابندی کے باعث قیمتوں میں اضافہ ہوا،تاجروں کے مطابق ٹماٹر ہمیشہ سے بغیر درآمدی پرمٹ کے ایران سے آتا ہے پرمٹ کا حکم دے کر حکومت نے کرپشن کا نیا دروازہ کھول دیا ہے ۔ایران سے ٹماٹر نہ آنے کی وجہ سے قلت کے باعث قیمت دوگنا ہوگئی ہے ،ایرانی ٹماٹر درآمد کرنے والے تاجرں کا کہنا ہے کہ ایران سے ٹماٹر کی درآمد کے لیے پرانی تاریخ میں درآمدی پرمٹ جاری کیے جارہے ہیں جس پر فی ٹرک 60سے 70ہزار روپے وصول کئے جارہے ہیں جس سے ایرانی ٹماٹر کی قیمت بھی بڑھ گئی ہے ۔ادھر کراچی میں گوالوں نے من مانیاں شروع کردیں، شہری انتظامیہ کی منظوری کے بغیر ڈیری فارمرز نے حکومتی نرخ مسترد کرتے ہوئے دودھ کی قیمت میں 10 روپے اضافے کا اعلان کردیا، ڈیری فارمرز نے کہا کہ 11 جولائی کے بعد دودھ 10 روپے اضافے سے 120 روپے فی لٹر میں فروخت ہوگا ۔