کراچی(کلچرل رپورٹر) مومنہ اینڈ درید فلمز اور ہم فلمز کی جانب سے ماہرہ خان اور بلال اشرف کی فلم سپر سٹار کے ستاروں سے بھرے ریڈ کارپٹ پریمئر منعقد کیا گیا۔اس موقع پر پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے نامور نام بشمول زیبا بختیار‘ بشری انصاری‘ ثروت گیلانی‘ عدنان صدیقی‘ فہد مرزا‘ عمران اشرف‘ ندا یاسر‘ احد رضا میر‘ سجل علی‘ عروہ حسین ‘ ماورہ حسین ‘ فرحان سعید ‘ مومل شیخ‘ گوہر رشید اورشہزاد شیخ سمیت بے شمار لوگ موجود تھے ۔فلم کے مرکزی کرداروں کے علاوہ پریمیر میں فلمی نقاد‘میڈیا سے تعلق رکھنے والوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ ریڈ کارپٹ کے بعد شرکاء کی پرزور تالیوں میں فلم کی سکریننگ کی گئی ۔ اس فلم کی کہانی محبت اور اپنے فن کو عروج پر پہنچانے کے جنون جیسے جذبات کے گرد گھومتی ہے اور اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ خواہشات کے ہدف کے حصول کیلئے آپ کو کن کن مشکلات اور مراحل سے گزرنا پڑتا ہے ۔اس فلم میں فلم انڈسٹری کے حوالے سے تھیڑ کی اہمیت کو بھی اُجاگر کیا گیا ہے اور اس بات پر بھی زور دیا گیا ہے کہ فن کی کوئی سرحد نہیں ہوتی اور نہ ہی ہونی چاہئے ۔فلم میں تھرل‘ رومانس اورمرکزی کرداروں کے ٹکراؤ کا خوبصورت امتراج ہے ۔