اسلام آباد (سپیشل رپورٹر،لیڈی رپورٹر، 92نیوزرپورٹ، نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے ہمارا مقصدپاکستان کو ریاست مدینہ کی طرزپر فلاحی ریاست میں تبدیل کرناہے ،ایسی ریاست جہاں غربااورضرورت مندافرادکی ضروریات کااحساس کیا جائے ۔بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چئیرپرسن ڈاکٹر ثانیہ نشتر سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاریاست مدینہ طرز پر ہمیں غریبوں اورکمزوروں کی ضروریات کی ذمہ داری لینا ہوگی۔وزیراعظم اگلے ماہ ’’احساس پروگرام‘‘کے تحت قرض حسنہ سکیم اور ایسیٹ ٹرانسفر سکیم کا اجراء بھی کریں گے ، قرض حسنہ سکیم کے تحت ہر ماہ اسی ہزار سے زائد نوجوانوں اور خواتین کو قرض حسنہ دیے جائیں گے تاکہ وہ اپنا کاروبار شروع اور اپنے خاندانوں کو مالی طور پر مستحکم بنا سکیں، قرض حسنہ سکیم کے لئے وزیرِ اعظم نے پانچ ارب روپے کی اضافی رقم کی بھی منظوری دی تاکہ پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ اور اس کے پارٹنرزکے اشتراک سے اس پروگرام کا باقاعدہ آغاز کیا جا سکے ۔وزیر اعظم نے احساس سٹیرنگ کمیٹی کے قیام کی بھی منظوری دی جس کی سربراہی وہ خود کریں گے ۔ڈاکٹرثانیہ نشترنے وزیراعظم کوبریفنگ دیتے ہوئے بتایا سکیم کے تحت چاروں صوبوں میں ہرماہ 80 ہزارنوجوانوں اورخواتین میں قرضے تقسیم کیے جائیں گے ،عملدآمدمیں 26ادارے شامل ہونگے ، بچوں کی غذائی ضروریات پوری کرنے پر خصوصی توجہ دی جبکہ پروگرام کی سہولیات مزدوروں تک پہنچانے کیلئے پالیسی تشکیل دی جارہی ہے ۔بی آئی ایس پی پروگرام کے مختلف منصوبوں کے حوالے سے تشکیل دی جانے والی پالیسیاں جون کے بعد کابینہ کی منظوری کے لئے پیش کی جائیں گی۔ وزیراعظم سے ازبکستان کے نائب وزیراعظم ایلئور ماجید ووچ گانی یونے وزیراعظم آفس میں ملاقات کی۔وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق ملاقات کے دوران پاک،ازبک تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا جبکہ فریقین نے موجودہ تجارتی صلاحیت سے بھرپور استفادہ کیلئے وسیع تر مواصلاتی روابط کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی رابطوں کے نیٹ ورک کو فروغ دینے کا فیصلہ کیا تاکہ دونوں ممالک کے مابین موجود باہمی تجارتی امکانات کا درست طور پر ادراک کیا جا سکے ۔وزیر اعظم نے کہا دونوں ممالک تاریخی اور ثقافتی تعلقات میں جڑے ہیں، ہمیں تجارتی، معاشی اور توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانا ہوگا۔ ازبک ڈپٹی وزیر اعظم نے صدر کی جانب سے عمران خان کو نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا، عمران خان کو سہ ممالک ریلوے لائن منصوبے پر بریفنگ اور ازبکستان سے افغان شہر مزار شریف، پشاور تک ریلوے کوریڈور منصوبے سے آگاہ کیا گیا، وزیر اعظم نے کہا منصوبے سے چین اور یورپ تک تجارتی راستوں کو ہم وار کیا جا سکے گا۔ اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا انضمام شدہ علاقوں کی عوام کو صحت انصاف کارڈ کی فراہمی تک یہ سہولت فراہم کی جائے کہ وہ اپنا شناختی کارڈ استعمال کرتے ہوئے صحت انصاف کارڈ کی سہولت سے مستفید ہو سکیں۔عمران خان سے وزیرِ قانون فروغ نسیم نے بھی ملاقات کی،اس دوران ملک میں امن وامان وسیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔وزیر اعظم 30مئی کو سعودی عرب کے دورے پر روانہ ہوں گے جہاں وہ 31مئی کو او آئی سی سربراہان مملکت کے اجلاس میں شرکت اور خطاب کریں گے ۔