اسلام آباد(وقائع نگار؍مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیراطلاعات سینیٹرشبلی فرازنے کہاہے کہ حکومت کورونا سے کامیابی سے نمٹ رہی ہے ،پیپلز پارٹی کو یہ بات ہضم نہیں ہورہی،قومی رابطہ کمیٹی اجلاس میں تمام فیصلے مشاورت سے کئے گئے ، حکومت نے کوروناسے متعلق عوام کوپوری طرح آگاہ رکھا۔وفاقی وزیرمرادسعید کیساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شبلی فرازنے کہا اللہ تعالیٰ کاشکرہے اتنا نقصان نہیں ہوا،جتناتخمینہ لگایاگیا، کچھ سیاسی جماعتیں پوائنٹ سکورنگ کرناچاہتی ہیں،پوری دنیاکوروناکی وجہ سے مشکلات کاشکارہے ، حکومتی اقدامات کودنیابھرمیں سراہاجارہاہے ،این سی اوسی منظم طریقے سے کوروناسے نمٹ رہاہے ۔مرادسعید نے کہافرزندزرداری ہمیشہ رٹی رٹائی پرچی والی تقریرلے کرآتے ہیں،بلاول نے سب کچھ بتایالیکن سندھ حکومت کی کارکردگی نہیں بتائی ،فرزند زرداری صرف یہ بتائیں کہ ان کے ابو کا علاج کہاں ہورہا ہے ، بلاول کوخوداپنے ہسپتالوں پربھروسہ نہیں ،سندھ حکومت نے ایساکوئی ہسپتال نہیں بنایاجہاں ان کے ابوکاعلاج ہو،آج کل وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ بھی بوکھلائے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا ہم نے سینی ٹائزرز اورماسک اتنے بنادئیے ہیں کہ اب برآمد کرسکتے ہیں،مرادسعید نے کہااس وقت 848مقامات پرسمارٹ لاک ڈاؤن شروع کردیا، بلاول بھٹوکے چاروں پوائنٹس کاتفصیلی جواب دوں گا، سندھ حکومت نے راشن کاوعدہ کیالیکن راشن کسی کے گھر نہیں پہنچا ،کورونا کی صورتحال میں صوبوں کی بھی کچھ ذمے داری تھی، سندھ حکومت روز بھاشن تو دیتی ہے لیکن راشن نہیں دیتی،کوروناکی صورتحال میں بھی وہ کرپشن کونہیں چھوڑ رہے ، ڈاکٹرعاصم کے ہسپتال کو مریضوں کیلئے ایڈوانس پیسے دئیے جارہے ہیں،مرادعلی شاہ سہولت کاربنا ہوا ہے ،ساراپیسہ زرداری کے اکاؤنٹ میں جارہا ہے ،فرزندزرداری ساڑھے 5ارب کاحساب دیں۔علاوہ ازیں شبلی فراز نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ خسروبختیار کے بھائی اور جہانگیر ترین سمیت چینی بحران کے تمام ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہوگی، شہباز شریف کو بیرون ملک فرار نہیں ہونے دیں گے ،نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس میں گڑبڑ پر تحقیقات ہونی چاہئیں، میڈیا انڈسٹری اپنے بزنس ماڈل کی خامیوں کے باعث زوال کا شکار ہے ،غریب میڈیا ورکرز حکومتی ترجیح ہیں۔