لاہور،فیصل آباد(وقائع نگار،نمائندہ خصوصی) گور نر پنجاب چودھری محمدسرور نے کہا ہے مارچ کے بعد اپر یل آئیگا اور کچھ نہیں ہوگا۔ مڈ ٹرم نہیں حکومتی مدت پوری ہونے کے بعد ہی الیکشن ہوں گے ،پی ڈی ایم جماعتوں میں اتفاق نہیں بلکہ واضح تفر یق ہے ،وزیر اعظم عمران خان کی ایمانداری پر انکے مخالفین بھی انگلی نہیں اٹھا سکتے ، شفافیت اور میرٹ پرحکومت 100فیصد عمل کر نے کی پالیسی پر گامزن ہے ۔تحر یک انصاف کے مر کزی رکن ظفر سندھو کی رہائشگاہ پر پارٹی کارکنوں اور میڈیا سے گفتگومیں انہوں نے کہا اپوزیشن جماعتیں مقر رہ وقت سے پہلے عام انتخابات کی امیدلگانا چھوڑ دیں۔ عوام اپوزیشن جماعتوں نہیں حکومتی پالیسوں کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم مشکل وقت میں بھی عوام کو ہر شعبے میں ریلیف دینے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں اور اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کر نا حکومت کی اولین تر جیح ہے ،جیسے ہی کورونا کا خاتمہ ہوگا پنجاب میں بلدیاتی انتخابات بھی کروائے جائیں گے ، الحمد ﷲ وزیرا عظم عمران خان کی قیادت میں کامیاب معاشی پالیسوں کی وجہ سے پاکستان معاشی میدان میں کامیاب ہورہا ہے اور برطانیہ کو پاکستانی برآمدات پہلی مرتبہ ایک ارب ڈالر سے تجاوز کرگئیں،پنجاب میں صنعتی شعبے میں حکومتی پالیسوں کی وجہ سے انقلاب آرہا ہے اور روز گار کے نئے مواقع بھی میسر آرہے ہیں۔چیف ٹریفک آفیسر آفس فیصل آباد میں سرور فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگومیں گورنر پنجاب نے کہاسرور فاؤنڈیشن روزانہ 20 لاکھ لوگوں کو صاف پانی فراہم کر رہی ہے ، چک جھمرہ میں جلد لگنے والے پنجاب آب پاک اتھارٹی کے پہلے پراجیکٹ سے 16 دیہاتوں کو پینے کا صاف پانی میسر آئے گا، پی ڈی ایم کا ضمنی اور سینٹ الیکشن میں حصہ لینا خوش آئند ، پی ڈی ایم جو جمہوری اقدام اٹھائے گی ہم خوش آئند کہیں گے البتہ وزیر اعظم کی استعفے کی بات نہ کی جائے انہیں عوام نے 5 سال کیلئے منتخب کیا ہے ۔