کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں ایک روزہ مندی کے بعد جمعرات کو ریکوری آئی اور سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص کی نچلی سطح پر آئی قیمتوں کو دیکھتے ہوئے خریداری کے باعث کے ایس ای 100انڈیکس 43ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی اور انڈیکس72.07پوائنٹس کے اضافے سے 43065.09 پوائنٹس کی سطح پرپہنچ گیا جب کہ 200فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے باعث مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت میں سرمایہ کاروں کو5ارب 42 کروڑ 16لاکھ روپے بڑھ گئے اور کاروباری حجم بھی بدھ کی نسبت 34.22فیصدزائد رہا۔پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں گزشتہ روزٹریڈنگ کا آغاز منفی زون میں ہوا جس کے باعث ٹریڈنگ کے ابتدائی اوقات میں کے ایس ای 100 انڈیکس 42805کی نچلی سطح پر آ گیا تاہم بعد ازاں سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع بخش کمپنیوں کے حصص کی خریداری میں دلچسپی بڑھنے کے نتیجے میں مندی کے اثرات زائل ہوگئے اور تیزی کا رجحان بڑھ گیا جس کے باعث دوران ٹریڈنگ ایک موقع پر انڈیکس 43203پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیابعد ازاں مزکورہ حد برقرار نہ رہ سکی لیکن تیز ی کا رجحان غالب رہااورمارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 72.07 پوائنٹس کے اضافے سے 43065.09پوائنٹس پر بند ہوا۔اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 33.69 پوائنٹس کے اضافے سے 19965.30پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 21.68پوائنٹس کے اضافے سے 29914.46پوائنٹس پر بند ہوا۔گزشتہ روز مجموعی طور پر354کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 200کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ137میں کمی اور17میں استحکام رہا ۔