لاہور(نامہ نگارخصوصی)وفاقی وزیرقانون فروغ نسیم نے کہاہے کہ ہماری لڑائی جھوٹ اور بدنیتی سے ہے ،میں کسی اور پارٹی سے ہوں ، وزارت قانون کے آفس میں بیٹھا ہوں سفارشیں بھی آئیں لیکن میرٹ سے ہٹ کے کچھ نہیں کیا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہورمیں پی ٹی آئی لائرزکے زیر اہتمام کنونشن کے موقع پرخطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا لوگوں نے دھکا دینے کی کوشش کی لیکن عمران خان نے کہا کہ نہیں! وزیر قانون تم ہی ہو ،سوا لاکھ سے ڈیڑھ لاکھ کیسز نمٹائے ،آپ وکلا وعدہ کریں آپ نئے قانون پر عملدرآمد کرائیں گے ،سسٹم میں نے بنا دیا آب آگے معاملہ وکلا کے ہاتھ میں ہے ۔وزیر اعظم کے مشیر شہزاد اکبر نے خطاب کرتے ہوئے کہا تحریک انصاف کی بنیاد حصول انصاف کے لئے تھی، عمران خان کے انصاف کے حصول میں بہت سے مافیاز آڑے آ رہے ہیں ،وہ مافیا طاقتور بھی ہیں اورتجربہ کار بھی ،نظام انصاف کی درستگی ہماری ذمہ داری ہے ،ہم جتنی مرضی اصلاحات کر لیں ،وکلا کے بغیر کامیاب نہیں ہو سکتیں۔پی ٹی آئی وسطی پنجاب کے صدراعجاز چودھری نے کہانریندر مودی نے 70 سال بعد مسلمانوں کو قائداعظم کا دو قومی نظریہ سمجھا دیا ،عمران خان ایک ایسے سیاستدان ہیں جنھوں نے سیاست سے پہلے اپنی قیادت منوائی ،قائداعظم کے بعد عمران خان جیسا کوئی لیڈر نہیں آیا ،انہوں نے مزید کہا جن لوگوں نے سپریم کورٹ پر حملے کئے ہوں ، وہ ہم پر الزام لگاتے ہیں ،ان سے پوچھتا ہوں کہ کون سا الہ دین کا چرغ ہے کہ 18 سال کا بچہ بھی ارب پتی بن گیا ،مریم نواز کو چیلنج کرتا ہوں کہ عدالت میں روزانہ کی بنیاد پر کیس کی سماعت کی درخواست دیں ۔وزیرمملکت اطلاعات فرخ حبیب نے کہا پہلی بار لوگوں کو احتساب کا خوف پیدا ہوا ،بڑے بڑے لوگوں کو جیلوں میں جانا پڑا ،احتساب کے عمل کو کسی صورت کمزور نہیں پڑنے دینا ۔