کراچی(سٹاف رپورٹر)وزیر مملکت برائے ماحولیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی عوام کو روٹی، کپڑا اور مکان دینے کا صرف دعویٰ کرتی رہی ہے ،ہماری حکومت نے سندھ سمیت ملک بھر میں پناہ گاہیں قائم کرکے ذوالفقار علی بھٹو کے نعرے کو عملی شکل دی، ہماری 5ماہ کی حکومت سے 70سال کا حساب مانگاجارہا ہے ، ہم عوام کو جوابدہ ہیں لیکن ہم سے 5سال بعد جواب مانگا جائے ، عمران خان کسی غریب کو بے گھر نہیں کرنا چاہتے ، سابق ناظم مصطفی کمال نے غلط منصوبہ بندی کی وجہ سے کراچی کے ماحول کو تباہ کردیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو کراچی پریس کلب میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ زرتاج گل نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ سرکاری زمین پر رہائش پذیر افراد کو اس وقت تک وہاں سے منتقل نہ کیا جائے جب تک ان کی رہائش کے لیے متبادل کا انتظام نہ ہوجائے ۔ ایک اور سوال کے جواب میں زرتاج گل نے کہا کہ پرانی اور نئی ایم کیو ایم میں بہت زیادہ فرق ہے ۔