ملتان،ٹاٹے پور(سپیشل رپورٹر،نامہ نگار،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ مسئلہ کشمیر کا حل خطے کے امن کے لئے ناگزیر ہے ، مسئلہ کشمیر پر دنیا کے سوئے ہوئے ضمیر کو جگانے کیلئے اس سال یوم کشمیر اسلام آباد کی جگہ لندن میں منائیں گے ، اس سلسلے میں تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ چلنے کی دعوت دوں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مخدوم رشید میں ایک ٹرپائی کے مقام پراستقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے صدر ٹرمپ کو دو ٹوک جواب دیا، اب ڈومور کا کہنے والے پاکستان سے مدد کی درخواست کررہے ہیں، اگلے 15دن میں افغانستان کا دورہ کرونگا اور تمام سٹیک ہولڈرز سے ملاقات کرونگا، پاکستان افغانستان میں امن کیلئے ثالثی کا کردار ادا کرے گا، گستاخانہ خاکوں کے معاملے کو اقوام متحدہ میں اٹھایا گیا ،مسلم امہ کی تنظیم نے بھی ہمارے موقف کو سراہا ،کرتارپورراہداری کھلنے کے بعد سکھوں کو پاسپورٹ اورویزے کے بغیر پاکستان آنے کی اجازت دیں گے ، ملکی برآمدات بڑھانے کیلئے حکومتی خزانے سے 25.7 ارب کی سبسڈی دینے کا بھی فیصلہ کیا ہے ،ملک میں احتساب کا عمل آگے بڑھ رہاہے اور مزید بڑھے گا، کٹہرے میں کھڑے ہونے والوں کے پاؤں کانپ رہے ہیں۔ ہمارے 2وزراء پر الزامات لگے انہوں نے وزارت سے استعفیٰ دے دیا اور کہا کہ وہ ان الزامات سے کلیئر ہو کر آئیں،وزیراعظم نے کہا کہ میں100دنوں میں وزارت خارجہ کی کارکردگی سے مطمئن ہوں، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے مقامی کالج کی سالانہ تقریب سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کے حوالے سے وزیراعظم کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا، مڈٹرم انتخابات نہیں ہونگے ،وزیر اطلاعات فواد چودھری بہترین کردار ادا کررہے ہیں ، شیخ رشید کے دعویٰ سے لا علم ہوں ۔ علاوہ ازیں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ہنزہ میں مبینہ طور پر کمرے میں گیس بھر نے سے انتقال کرنے والی دفتر خارجہ کی ہونہار افسر سیدہ فاطمی اور ان کے شوہر کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور مرحومین کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی ہے ۔