اسلام آباد ، ریاض ( خبر نگار خصوصی،آن لائن) سعودی حکومت نے کورونا وائرس وبا کے باعث حج کیلئے نئے ایس او پیز جاری کردیئے ہیں جس کے تحت حجر اسود کو چھونے پر پابندی ہوگی اور ماسک بھی پہننا لازمی ہوگا جبکہ نماز و طواف کے دوران کعبہ کو چھونا منع ہوگا، 19 جولائی سے منیٰ، مزدلفہ، اور عرفات میں بغیر اجازت نامے کے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ سرکاری خبرایجنسی العربیہ کے مطابق سعودی مذہبی امور کی جانب سے جاری مراسلے میں حج سے متعلق نئے قواعد وضوابط جاری کئے گئے جن کے مطابق حجر اسود کو چھونے پر پابندی ہوگی اور ماسک بھی پہننا لازمی ہوگا ۔مختلف زبانوں میں کورونا کے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر لگائی جائیں گی۔نئے پروٹوکول کے تحت منتظمین طواف اور دیگر اوقات پر عازمین حج کے درمیان 1.5 میٹر کے فاصلے کو یقینی بنائیں گے جبکہ طواف کے لیے عازمین حج کو مختلف گروپوں میں تقسیم کیا جائے گا۔عازمین حج اورحج عملے کو ماسک اور دستانے پہننا ہوں گے ۔ حجاج کرام کے سرکے بال تراشنے والے ایک دوسرے کے آلات استعمال نہیں کرسکیں گے ۔عازمین حج نمازکے دوران ایک دوسرے سے 2میٹرفاصلے کی پابندی کریں گے ۔ رمی کے لیے حجاج کو پیک شدہ کنکریاں فراہم کی جائیں گی۔مسجد الحرام میں کھانے کی اشیا لانے پرپابندی ہوگی۔ صحن میں کھانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ پانی پینے یازمزم پانی کے لیے قابل تلف(ڈسپوزیبل) بوتلیں اور ڈبے استعمال کیے جائیں گے ۔