لاہور،ملتان،ڈیرہ غازی خان،محمد پور دیوان،تونسہ شریف(سٹاف رپورٹر،سپیشل رپورٹر، خبرنگار،ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے وسائل کا رخ پسماندہ علاقوں کی جانب موڑ دیا ہے ،تحریک انصاف نے تبدیلی کے نام پر ووٹ لیا ہے اور ہم تبدیلی لا کر دکھائیں گے ۔ماضی کی حکومتوں نے ملتان سمیت جنوبی پنجاب کو بری طرح نظر انداز کیا ۔سابق ادوار میں اس علاقے کی ترقی پر توجہ دی جاتی تو آج یہاں محرومیاں نہ ہوتی ،ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز ملتان کے دورہ کے دوران سرکٹ ہاؤس میں اراکین قومی وصوبائی اسمبلی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ میرے تما م ا راکین اسمبلی وزیراعلیٰ ہیں اورا ن سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔پسماندہ ترین تحصیل کے ایم پی اے کو وزیراعلیٰ بنانا بھی ایک بہت بڑی تبدیلی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ڈیرہ غازی خان ،تونسہ شریف اور بارتھی کے لئے اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیاہے اورملتان کے لئے بھی جلد بڑے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کروں گا،عنقریب ملتان کا تفصیلی دورہ کروں گا،ملاقات میں جنوبی پنجاب خصوصا ًملتان کے عوام کی ترقی وخوشحالی کے منصوبوں اور عوامی مسائل حل کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔بعد ازاں وزیر اعلیٰ پنجاب نے ڈیرہ غازی خان کے قریب غازی گھاٹ ٹریفک حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین اورزخمی ہونے والے مسافروں سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے فرداً فرداً جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمی افراد سے ان کی نشستوں پر جاکرمزاج پرسی کی اوران سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دلاسہ بھی دیا۔وزیر اعلیٰ نے حکومت پنجاب کی طرف سے جاں بحق افراد کے لواحقین کو5 لاکھ روپے فی کس جبکہ زخمی ہونے والے افراد کو 75،75ہزار روپے امداد کے چیک دئیے ۔وزیر اعلیٰ سے بلوچ اتحاد کونسل کے چیئرمین سردار عرفان خان رند کی قیادت میں وفد نے سرکٹ ہائوس ملاقات میں کی، وزیر اعلیٰ نے وفد ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور تفصیلی ملاقات کے لئے لاہور آنے کی دعوت بھی دی ۔وزیر اعلیٰ پنجاب سے نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجزکے پروفیسر رائو اکمل نے بھی ملاقات کی اور جنوبی پنجاب میں تعلیمی صورحال پر تبادلہ خیال کیا ۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے تبلیغی جماعت کے امیر حاجی عبدالوہاب کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔وزیر اعلیٰ نے حاجی عبدالوہاب کے لواحقین سے دلی ہمدردی اورتعزیت کا اظہارکیا ۔وزیر اعلیٰ نے کہاکہ مرحوم نے تبلیغ دین کیلئے زندگی وقف کر رکھی تھی۔ دین کیلئے مرحوم کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار دورہ ملتان کے موقع پربھرپور عوامی رنگ میں نظر آئے ۔ سرکٹ ہاؤس ملتان میں ملاقات کے لئے آنے والے پی ٹی آئی کے کارکنوں، سول سوسائٹی کے ممبران اور مختلف شہری تنظیموں کے نمائندے ملاقات کے دوران ان کے ارد گرد جمع ہوگئے اور ان کے ساتھ سیلفیاں بنواتے رہے ۔