لاہور(خبرنگارخصوصی)وزیر زراعت پنجاب ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے اقتدار میں آکر زرعی ایمرجنسی نافذ کرنے کا عندیہ دیا کیونکہ ہماری حکومت جانتی ہے کہ ماضی میں کسانوں کا بری طرح استحصال کیا گیااور زراعت کو شعبہ زبوں حالی کا شکار رہا۔موجودہ حکومت نے زراعت کے شعبے میں انقلاب لانے اور کسانوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے کا تہیہ کررکھا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لودھراں میں قومی پروگرام برائے اصلاح کھالہ جات (فیز2 )کی افتتاحی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ترقی پسند کاشتکارجہانگیر خان ترین، صوبائی وزیر جیل خانہ جات چوہدری زوار حسین،ممبر صوبائی اسمبلی نذیر خان بلوچ،سیکرٹری زراعت پنجاب واصف خوشید،ڈپٹی کمشنر لودھراں عمران قریشی، ڈائریکٹر جنرل اصلاح آبپاشی ملک محمد اکرم،ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع)ڈاکٹر محمد انجم علی، ڈائریکٹرزرعی اطلاعات پنجاب رفیق اختر،ڈائریکٹر واٹر مینجمنٹ ظفرسندھوسمیت دیگر افسران بھی موجود تھے ۔انہوں نے مزید کہا کہ زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت زرعی ترقی کیلئے 300ارب روپے کی رقم مختص کی ہے جس کے تحت گندم،دھان،کماد،تیلداراجناس کی پیداوار اور ستیاب پانی کے بہتر وسائل کیلئے مختلف منصوبہ جات جاری ہیں۔