اسلام آباد (خبر نگار خصوصی، مانیٹرنگ ڈیسک )وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت کراچی کے مسائل سے متعلق اجلاس ہوا۔ جس میں کراچی کی صفائی مہم اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کے حوالے میں پیشرفت کا جائزہ لیا۔اجلاس میں وفاقی وزراء بیرسٹر فروغ نسیم، مخدوم خسرو بختیار، خالد مقبول صدیقی، سید علی حیدر زیدی، معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا، ممبر قومی اسمبلی آفتاب حسین صدیقی، ممبر ان سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی حلیم عادل صدیقی، ڈی جی فرنٹیر ورکس آ رگنائزیشن میجر جنرل انعام حیدر ملک اور سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں کراچی کی عوام کو درپیش مسائل خصوصاً پینے کے صاف پانی کی فراہمی، سیوریج، صفائی، ماس ٹرانزٹ سسٹم و دیگر اہم ایشوز پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ڈی جی فرنیٹر ورکس آ رگنائزیشن نے کلین کراچی مہم میں اب تک کی پیش رفت پر شرکاء کو بریفنگ دی۔وزیر اعظم کو کلین کراچی مہم میں اب تک کی پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔صاف پانی کی فراہمی ، سیوریج، صفائی، ماس ٹرانزٹ سسٹم ودیگر امور پر گفتگو کی گئی۔وزیر اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے ،پاکستان کا مستقبل کراچی کے مستقبل سے جڑا ہے ،ماضی کی بد انتظامی کا خمیازہ کراچی کے عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے ،کراچی کے عوام کو صحت کے معاملے میں شدید خطرات لاحق ہیں،صاف پانی کی قلت، صفائی کا ناقص انتظام بڑے مسائل ہیں۔کراچی کے عوام کو درپیش مسائل پر شدید تشویش ہے ،وفاقی حکومت چاہتی ہے کہ کراچی کے مسائل کو حل کیا جائے تاکہ وہاں کی عوام کو بہتر سہولیات میسر آئیں،عوام کو درپیش مسائل کے حل میں وفاقی حکومت ہر ممکن کردار بھرپور طریقے سے ادا کرے گی۔ وزیر اعظم نے کراچی کے عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے اہم فیصلے کئے ۔وزیرِ اعظم نے کلین کراچی مہم جاری رکھنے کی ہدایت کردی۔وزیراعظم نے کراچی کی عوام کو درپیش مسائل کے حل میں وفاقی حکومت کی جانب سے شارٹ، میڈیم اور لانگ ٹرم لائحہ عمل کی تشکیل کیلئے وزیرِ قانون ڈاکٹر فروغ نسیم کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دے دی۔ کمیٹی وزیرِ قانون، وزیرِ بحری امور، وزیرِ منصوبہ بندی، ڈی جی ایف ڈبلیو او و دیگر ممبران پر مشتمل ہوگی۔ وزیراعظم نے کمیٹی کومجوزہ لائحہ عمل کے بارے میں سفارشات جلد از جلدپیش کرنے کی ہدایت کردی۔ وزیراعظم عمران خان سے رکن قومی اسمبلی عامر محمود کیانی نے ملاقات کی۔ وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں کہا گیاکہ ملاقات کے دوران تحریک انصاف کے سینئر رہنما سیف اللہ نیازی بھی موجود تھے ۔