لاہور،ملتان،ڈیرہ غازیخان(وقائع نگار،سپیشل رپورٹر،ڈسٹرکٹ رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے نئے بجٹ میں جنوبی پنجاب کی ترقی کیلئے 35فیصد فنڈز مختص کررہے ہیں جو ریکارڈ ہے ۔ ماضی کی طرح عوام کو دھوکہ نہیں دیں گے ،کام کریں گے ، نئے بلدیاتی نظام میں مانیٹرنگ کا موثر نظام لارہے ہیں۔میں عوام سے ہوں اوران کے مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہوں۔پنجاب میں پائیدار ترقی کے سفر کا آغاز ہوچکاہے ۔وزیر اعلی نے نمازعید الفطر پولیس لائنز میں ادا کی،وہ لوگوں سے عیدملے اورانہیں عید کی مبارکباد دی،وزیراعلیٰ نے ملکی ترقی، خوشحالی،استحکام،دہشتگردی کے خاتمے ، قیام امن اور دہشتگردی کیخلاف جنگ میں شہید ہونیوالوں کے ایصال ثواب کیلئے خصوصی دعا کی۔وزیراعلیٰ نے پولیس لائنز میں یاد گارشہدا پر حاضری دی اور پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ انہوں نے کہاہمیں شہدا کے اہلخانہ کو بھی یاد رکھنا ہے ۔ دعا ہے پاکستان ترقی اور خوشحالی کی منزل حاصل کرے ،ذاتی اختلافات اپنی جگہ لیکن قومی مفاد کو سب کو مقدم رکھناہے ۔وزیر اعلی نے ایس او ایس ویلج فیروز پور روڈ اور چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئربیوروکادورہ بھی کیا اور زیر کفالت بچوں او ر بچیوں میں تحائف تقسیم کئے اور ان کو عید کی مبارکباد دی۔وزیراعلیٰ نے ایس او ایس ویلیج میں فراہم کی جانیوالی سہولتوں کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ نے بچوں سے شفقت کا اظہار کیا اور کہاایس او ایس ویلیج میں زیر کفالت بچے و بچیاں خصوصی توجہ کے مستحق ہیں، بے سہارا بچوں کی کردارسازی ایک قومی فریضہ ہے ،ہم سب کو اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے ۔انہوں نے چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں بچوں کے ہاسٹل کا بھی دورہ کیا،بچوں کے ساتھ وقت گزارا اور عید کے تحائف تقسیم کیے ،وزیراعلیٰ نے عید کا کیک بھی کاٹا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے عید کا دوسرا روزاپنے آبائی علاقے بارتھی میں گزارا،وزیراعلیٰ کی آمد پر قبائلی سرداروں،عمائدین،معززین،کارکنوں اورمقامی انتظامیہ نے استقبال کیا۔ قبائلی سرداروں،عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہابارتھی ہی نہیں پورے پنجاب کے عوام کی قسمت بدلنے کا عزم کیا ہے ۔وزیراعلیٰ نے بلوچ روایت کے مطابق ’’حال احوال‘‘ کی محفل میں بھی شرکت کی اورشرکاء سے بلوچی زبان میں خطاب کرتے ہوئے کہاپنجاب کے ہر شہر اور گاؤں میں ترقی کے سفر کا آغاز کردیا۔وزیراعلیٰ بلوچ روایت کے مطابق 3گھنٹے مسلسل لوگوں سے عید ملتے رہے اوردرخواستیں وصول کیں۔عید کے تیسرے روز سرکٹ ہاؤس ڈی جی خان میں اعلی سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کوہ سلیمان میلہ منعقد کرایا جائے گاجو تین روز تک جاری رہے گا۔بارتھی میں معززین علاقہ اورعمائدین سے گفتگو میں وزیراعلیٰ نے کہا سابق حکمرانوں نے پنجاب کے پسماندہ علاقوں کو یکسر نظر انداز کیا۔نمائشی حکمرانوں کے منصوبوں سے قومی وسائل ضائع کیے گئے ۔وزیراعلیٰ اپنے والد مرحوم سردار فتح محمد خان بزدار کی آخری آرام گاہ پرحاضری دی اوران کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔وہ اپنے والد مرحوم کی خالی کرسی دیکھ کر مغموم ہوگئے ۔وزیراعلیٰ پنجاب نے ہرنائی میں سکیورٹی اہلکاروں پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کی۔انہوں نے معروف دانشور،ناول و ڈرامہ نگار ڈاکٹر انور سجاداور پی ٹی وی نیوز لاہور کے بیورو چیف فیاض احمدوڑائچ کے والدکے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔وزیراعلیٰ نے جلال پور پیروالامیں دو گروپوں میں فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ملتان سے رپورٹ طلب کرلی اورملزمان کو جلد گرفتار کرنے کا حکم دیا۔