لاہور(وقائع نگار) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے آج لاہور میں ایک اور تاریخ ساز سنگ میل عبور کیاہے لاہور سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ پراجیکٹ، 300 ایکڑ اراضی پر بنے گا، پہلے فیز میں 1300 ارب کی کاروباری وتجارتی سرگرمیاں ہوگی،27 فروری پاکستان کی دفاعی تاریخ کا روشن باب ہے ۔ والٹن ائیرپورٹ پر لاہور سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کے میگاپراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ لاہور سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کا منصوبہ 3 مراحل میں مکمل کیا جائے گا اوریہ منصوبہ مجموعی طور پر 300 ایکڑ اراضی پر بنے گا۔پہلا فیز 128 ایکڑ اراضی پر مشتمل ہوگا ۔ پہلے فیز میں تقریباً 1300 ارب روپے کی کاروباری وتجارتی سرگرمیاں ہونگی۔پہلے فیز میں کمرشل ڈسٹرکٹ قائم کیا جائے گا جبکہ دوسرے فیز میں ڈیجیٹل ڈسٹرکٹ اور تیسرے فیز میں ریذیڈنشل (رہائشی) ڈسٹرکٹ قائم ہوگا۔اس میگاپراجیکٹ میں ہائی رائز بلڈنگز بنیں گی۔منصوبے کا ڈیزائن لاہور کی ثقافت کا آئینہ دار ہوگا۔ منصوبے سے روزگار کے لاکھوں مواقع پیدا ہوں گے اور غربت میں کمی ہوگی ۔ماضی میں لاہور سمیت بعض شہروں میں ایسے منصوبے شروع کئے گئے جس کا خمیازہ نہ صرف عوام بلکہ حکومت کو اب بھی بھگتنا پڑ رہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ لاہور کی ترقی کا مشن ریڈار پر آ چکا ہے ۔ٹریفک کی روانی کیلئے لاہور میں شاہکام چوک اور کریم بلاک مارکیٹ چوک پر انڈر پاس اور فلائی اوور بنائے جائیں گے ۔فیروزپور روڈ پر گلاب دیوی ہسپتال کے قریب اوربند روڈ پر سمن آباد کی جانب جانیوالے چوک پر انڈر پاس بنا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لاہور ریلوے سٹیشن سے شیرانوالہ گیٹ تک اندرون شہر ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانے کیلئے اوورہیڈ برج بھی بنایاجائیگا۔ فیروز پور روڈ پرایک ہزار بیڈ کا جنرل ہسپتال 124 کنال اراضی پر 9 اب روپے کی لاگت سے مکمل ہوگا۔گنگارام ہسپتال میں مدر اینڈ چائلڈ کیئر ہسپتال پر کام جاری ہے اور اس ہسپتال کو تقریبا 4ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائیگا۔ لاہور میں ٹھوکر نیاز بیگ پر جدید بس ٹرمینل بنایا جائے گا۔پہلے مرحلے میں لاہور میں الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی جس سے شہر کی فضا آلودہ نہیں ہو گی۔انہوں نے کہا کہ لاہور میں بارشی پانی کے اخراج اور ذخیرہ کرنے کیلئے 10مزید انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینک بھی بنائے جائیں گے ۔ نکاسی آب کے مسائل کو حل کرنے کیلئے پرانی بوسیدہ سیوریج لائن کو بتدریج بہتر کیا جائیگا جس کا آغاز کردیا گیاہے ۔ پنجاب بینک اور ایل ڈی اے کے درمیان لاہور میں 4 ہزار فلیٹس کی تعمیر کے سلسلے میں معاہدہ طے پاچکا ہے ۔ وزیراعلیٰ سے صوبائی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات محمدندیم قریشی نے ملاقات کی۔ادھر وزیراعلیٰ نے پنجاب سے بلامقابلہ حکومتی نومنتخب سینیٹرز سیف اللہ نیازی،اعجاز احمد چوہدری،عون عباسی بپی،بیرسٹر علی ظفر، ڈاکٹر زرقا تیموراورکامل علی آغا کومبارکباد دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ووٹ خریدنے کی ہر کوشش کو ناکام بنایا۔دریں اثنا وزیراعلیٰ نے بھارتی طیارے گرانے کے 2برس مکمل ہونے پر سرپرائز ڈے پر اپنے پیغام میں کہا کہ 27 فروری 2019ء پاکستان کی دفاعی تاریخ کا روشن باب ہے ۔ قوم پاک فضائیہ کے پائلٹوں کی بہادری کو خراج تحسین پیش کرتی ہے ۔پنجاب حکومت نے صوبہ بھر میں3مارچ کو بلوچ کلچر ڈے کو شایان شان طریقے سے منانے کا فیصلہ کیا ہے ۔