اسلام آباد،لاہور (نامہ نگار ،صباح نیوز،سٹاف رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے کہا ہے عدالتوں میں ہماری حاضریاں لگوائی جا رہی ہیں جبکہ مافیا آزاد پھر رہا ہے ، مجھے اچھے کام کرنے کی سزا دی جا رہی ہے ، ہم نے گھر جلا کے سیاست کی ،سرکار کے خرچے پر نہیں کی۔ احتساب عدالت کے باہرمیڈیا سے گفتگو کے دوران صحافی نے سوال کیا ایف آئی اے کا چالان آج پیش کیا گیا، اس میں آپ کا نام نہیں ، کیا کہیں گے ؟ تو انہوں نے کہاحکومت اور نیب کی بدنیتی دیکھیں گوجرانوالہ سے ایسی انکوائری منتقل کی جس میں میں ملزم ہوں نہ مطلوب ، میرا بھائی پبلک آفس ہولڈر ہے نہ سرکاری ملازم لیکن نیب ہراساں کر رہا ہے ، میٹرو پنڈی منصوبے کا وہ کنٹریکٹر نہیں سب کنٹریکٹر ہے ، مقصد دبائوڈالنا ہے ،میرا نیب کو چیلنج ہے 1993میں سیاست میں آ نے سے اب تک میرے اثاثوں میں ایک روپیہ اضافہ نہیں ہوا۔نیب عدالت لاہور کے باہر میڈیا سے گفتگو میں حمزہ شہباز نے کہاحکمرانوں کی کشتی ہچکولاکھا رہی ہے ، عمران نیازی نے کنٹینر پر چڑھ کر قوم کو سبز باغ دکھائے ، انہیں قوم کے سینے پر لگائے گئے مہنگائی کے زخموں کا حساب دینا ہو گا، میں نیب کی گرفتاری کی وجہ سے فکرمند نہیں بلکہ مجھے عام ریڑھی والے کی فکر ہے ۔ عمران خان قوم پر رحم اور جھوٹ بولنا بس کرو، وقت آنے والا ہے جب قوم کے ہاتھوں میں حکمرانوں کا گریبان ہوگا، شہباز شریف جلد واپس آئیں گے ۔