اسلام آباد (سپیشل رپورٹر؍ مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کو این آر او کیلئے بلیک میل کیا جا رہا ہے ، مافیاز چاہتے ہیں کہ وہ قانون سے بالاتر رہیں، تحریک انصاف کی حکومت ملک میں قانون کی بالادستی کیلئے قائم ہوئی،یکساں تعلیمی نصاب رائج کریں گے ، صنعت اور زراعت کو 50 سال بعد اوپر اٹھا رہے ہیں، کسان کارڈ سے عام کسانوں کی زندگی بدل جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں نوکنڈی ماشکیل شاہراہ کی تعمیر کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیراعظم نے کہاجو مافیاز ہمارے مخالف ہیں ان کو یہ خوف ہے کہ کہیں ہم کامیاب نہ ہو جائیں،اس لئے وہ شور مچا رہے ہیں کہ حکومت ناکام ہو گئی ، دراصل ان کو اپنی سیاسی موت نظر آ رہی ہے ۔ وزیراعظم نے کہا حکومت کو بلیک میل کرنے والے مافیاز قانون سے بالاتر رہنا چاہتے ہیں، وہ یہ کہتے ہیں کہ اگر انہیں این آر او نہ دیا اور معافی نہ دی اور ان کی مراعات برقرار نہ رکھیں تو وہ حکومت گرا دیں گے ۔ وزیراعظم نے کہا میری خواہش ہے کہ پانچ سال حکومت کرنے کے بعد اس ملک میں سارے مافیاز قانون کے نیچے ہوں، 90 کی دہائی میں سیاسی قیادت جیلوں سے نکل کر سیدھی اقتدار کی کرسی پر براجمان ہو جاتی تھی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں یکساں تعلیمی نصاب رائج کر رہے ہیں۔علاوہ ازیں وزیر اعظم نے منصوبوں کی مقررہ وقت میں تکمیل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ راوی سٹی اور سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ سے ملک میں معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی، جس سے روزگار کے مواقع پیدا ہونگے ، لاہور پر آبادی کا دباؤ کم ہوگا اور شہریوں کو تمام سہولیات سے آراستہ بین الاقوامی معیار کی رہائش میسر آئے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے راوی اربن ڈیلپمنٹ اتھارٹی اور سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔وزیر اعظم نے نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی برائے ہاؤسنگ، کنسٹرکشن اینڈ ڈویلپمنٹ کے ہفتہ وار اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بڑے شہروں کے ماسٹر پلانز کو جلد از جلد مرتب کرنے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا جس رفتار سے غیر منظم اور بغیر منصوبہ بندی شہروں کی حدود میں اضافہ ہو رہا ہے ، اس سے نہ صرف ماحولیات کو شدید خطرات لاحق ہیں بلکہ اس سے فوڈ سکیورٹی اور انتظامی مسائل پیدا ہونے کا اندیشہ ہے ۔وزیرِ اعظم نے معاشرے کے کمزور طبقوں کو روزگار کے لئے آسان اور کم قیمت پر قرضوں کی فراہمی، کم آمدنی والے افراد کو ذاتی گھروں کی تعمیر کے لئے قرضوں کی فراہمی، صحت کارڈ کی فراہمی اور غریب خاندانوں کے کم از کم ایک فرد کو ٹیکنیکل و پرفیشنل ہنر دلوانے کے حوالے سے جامع پلان بنانے اور پیش کرنے کی ذمہ داری وزیرِ خزانہ کو سونپ دی۔ وزیر اعظم نے چینی ہم منصب لی کی چیانگ سے ٹیلیفون پر بات چیت کی جس میں پاک چین سفارتی تعلقات کے قیام کی 70 ویں سالگرہ ، دوطرفہ تعلقات اور کورونا ویکسین کی فراہمی میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعظم نے چینی ہم منصب اور قیادت کو مریخ پر چینی خلائی جہاز کی کامیاب لینڈنگ پر مبارکباد پیش کی جس نے چین کی بڑھتی ہوئی تکنیکی صلاحیت کو اجاگر کیا۔وزیر اعظم نے دونوں ممالک کے مابین سٹریٹجک تعاون کو مزید متنوع اور گہرا کرنے کے لئے اعلیٰ سطح کے تبادلے کی رفتار کو جاری رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔وزیراعظم سے گورنر سٹیٹ بنک رضا باقر ،وائس چیئرمین ٹیوٹا موٹر کارپوریشن شنجی یاناجی اور سی ای او انڈس موٹرز علی اصغر جمالی نے بھی ملاقات کی۔